اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال کاتحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمبڑیال اور اسکے ایمرجنسی یونٹ کا اچانک دورہ

سیالکوٹ (بیورو رپورٹ)اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال غلام فاطمہ بندیال نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمبڑیال اور اسکے ایمرجنسی یونٹ کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا، مریضوں سے ملاقات کی اور ان کی عیادت کرتے ہوئے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔اسسٹنٹ کمشنر نے ہسپتال میں ادویات کی دستیابی، عملے کی حاضری اور مجموعی طبی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انہوں نے ایمرجنسی یونٹ میں موجود سہولیات کا بھی معائنہ کیا اور مریضوں کو دی جانے والی طبی امداد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر غلام فاطمہ بندیال نے متعلقہ ڈیوٹی افسران اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام مریضوں کو بلا امتیاز بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور فرائض میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔