آر ڈی اے ڈیجیٹل پراپرٹی ٹرانسفر سسٹم اور آن لائن بلڈنگ پلان منظوری متعارف کرائے گا۔

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے کانفرنس روم میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ریگولیٹرز اور ہاؤسنگ سکیموں کو الیکٹرانک رجسٹریشن، ڈیجیٹل منظوریوں، آن لائن پراپرٹی ٹرانسفر سسٹم اور بلڈنگ پلانز کی آن لائن منظوری کے نظام کے ذریعے سہولیات فراہم کرنے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اےمحمد انور باران نے کی۔

اجلاس کے دوران پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی (پی ایل آر اے) کے نمائندے حافظ عبدالغفور نے مجوزہ ڈیجیٹل نظام پر تفصیلی بریفنگ دی، جس کا مقصد رئیل اسٹیٹ سے متعلق امور کو مؤثر، شفاف اور جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہاؤسنگ سکیموں کو ان کے متعلقہ ریگولیٹرز کے ذریعے ایک آن لائن ویب پورٹل پر آن بورڈ کیا جائے گا، جس کے لیے پروٹوٹائپس تیار کر لیے گئے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ ہاؤسنگ سکیمیں پراپرٹی کی خرید و فروخت اور منتقلی کے لیے پراپرٹی ٹرانسفر سسٹم استعمال کریں گی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ بلڈنگ پلانز کی منظوری بھی آن لائن ویب پورٹل کے ذریعے دی جائے گی، جس سے شفافیت، احتساب اور بروقت فیصلوں کو یقینی بنایا جا سکے گا۔

حافظ عبدالغفور نے مزید بتایا کہ پراپرٹی ٹرانسفر سسٹم کا باقاعدہ آغاز 15 فروری سے کیا جائے گا، جس کے بعد دستی نظام کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔ ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے عام شہریوں کو آن لائن درخواستوں، منظوریوں اور این او سیز تک فوری رسائی حاصل ہو گی، مداخلت میں نمایاں کمی آئے گی، جبکہ پلاٹس کی مارکیٹنگ اور فروخت کے عمل میں بھی آسانی پیدا ہو گی۔

اس اقدام سے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں شفافیت، کارکردگی اور گڈ گورننس کو فروغ ملے گا۔اجلاس میں چیف پلانر آر ڈی اے محمد طاہر میو، ڈائریکٹر ایڈمن افتخار علی، ڈائریکٹر لینڈ غضنفر علی اعوان، ڈائریکٹر ایسٹیٹ مینجمنٹ آبگینہ خان، ڈائریکٹر فنانس شاہد یعقوب، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی داءود خالد، اور آر ڈی اے کے دیگر افسران نے شرکت کی۔