وفاقی وزیر جنید انور چوہدری کا موسمیاتی لچکدار پورٹ قاسم انڈسٹریل کمپلیکس کے قیام کا اعلان

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے پیر کے روز پورٹ قاسم کے لیے ایک جامع ماسٹر پلان کے تحت پورٹ انڈسٹریل کمپلیکس کی طویل المدتی وژن کا اعلان کیا، جس میں موسمیاتی لچک (کلائمٹ ریزیلینس) اور سخت ماحولیاتی ضوابط پر خصوصی زور دیا گیا ہے،پورٹ انڈسٹریل کمپلیکس کے وژن پر ہونے والے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پورٹ قاسم کی مربوط منصوبہ بندی اور مرحلہ وار ترقی کا مقصد بندرگاہ کو عالمی معیار کے صنعتی اور لاجسٹکس مرکز میں تبدیل کرنا ہے، جو پاکستان کے وسیع تر اہداف، تجارت کے فروغ، صنعتی ترقی اور بلیو اکانومی کے فروغ سے ہم آہنگ ہے۔

جنید انور چوہدری نے کہا کہ پورٹ قاسم کا موسمیاتی لچکدار صنعتی حب آئندہ دو دہائیوں میں معیشت پر کھربوں ڈالر کے برابر اثرات مرتب کر سکتا ہے، جس سے پاکستان کی صنعتی بنیاد مضبوط ہو گی، برآمدات میں اضافہ ہو گا، لاکھوں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور پاکستان کو ایک مسابقتی علاقائی تجارتی و صنعتی مرکز کے طور پر متعارف کرایا جا سکے گا۔