این ڈی ایم اے کا شمالی علاقوں میں شدید سرد لہر کا الرٹ جاری

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (NEOC) نے گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور آزاد جموں و کشمیر میں آئندہ چند روز کے دوران شدید سرد لہر کے حوالے سے موسمی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ موسمیاتی پیشگوئی کے مطابق ان علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید سے انتہائی شدید سردی کا امکان ہے جبکہ دن کے وقت بھی درجہ حرارت معمول سے کم رہنے کی توقع ہے۔

الرٹ کے مطابق بلند و بالا اور پہاڑی علاقوں میں درمیانی سے شدید برفباری متوقع ہے جس کے باعث سڑکوں کی بندش، آمدورفت میں رکاوٹ اور بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ملحقہ میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کے ساتھ بعض مقامات پر کہر اور پالا پڑنے کا امکان ہے۔ ان موسمی حالات کے نتیجے میں حساس پہاڑی علاقوں میں برفانی تودے گرنے اور سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے جو انسانی جانوں، بنیادی ڈھانچے اور مویشیوں کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید سردی اور برفباری کے باعث صحت کے مسائل میں اضافہ ہو سکتا ہے، خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور پہلے سے بیمار افراد کے لیے خطرات بڑھ سکتے ہیں، جبکہ میدانی علاقوں میں پالا فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

متوقع صورتحال کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری طور پر برفباری اور بلند مقامات کا سفر کرنے سے گریز کریں اور اگر سفر ناگزیر ہو تو گاڑیوں میں سنو چینز کا استعمال یقینی بنائیں۔ عوام کو مناسب حرارتی انتظامات، گرم لباس اور محفوظ رہائش کا بندوبست کرنے، خصوصاً کمزور طبقات کے تحفظ پر خصوصی توجہ دینے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔ مقامی آبادی کو متعلقہ انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ہائی الرٹ رہنے، برف ہٹانے کے انتظامات، ہنگامی ردعمل اور بجلی و مواصلاتی نظام کی بروقت بحالی کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ این ڈی ایم اے کا نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید اپڈیٹس جاری کی جائیں گی۔

عوام سے کہا گیا ہے کہ مستند معلومات کے لیے ٹی وی اور ریڈیو نشریات، تصدیق شدہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” موبائل ایپ (پلے اسٹور اور ایپ اسٹور پر دستیاب) سے رہنمائی حاصل کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔