اسلام آباد( سپیشل رپورٹر )وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی پیشگی منظوری کے بغیر (آئیسکو) نے نئے بجلی کنکشن لگانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، ذرائع کے مطابق اس حوالے سے سی ڈی اے کی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے چیف کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا ہے۔خط میں واضح کیا گیا ہے کہ اسلام آباد میں کسی بھی رہائشی، تجارتی، مخلوط استعمال، فارم ہاؤس یا دیگر عمارت کو اس وقت تک نیا بجلی کنکشن (عارضی یا مستقل) فراہم نہ کیا جائے جب تک درخواست دہندہ سی ڈی اے کی جانب سے منظور شدہ بلڈنگ پلان یا این او سی (جہاں قابل اطلاق ہو) فراہم نہ کرے، جو سی ڈی اے کے مجاز فورمیشن کی جانب سے جاری اور متعلقہ دفتر سے قابل تصدیق ہو۔
ذرائع کے مطابق یہ ہدایات آئی سی ٹی کے تمام پانچ زونز میں واقع اسٹیٹ لینڈ، سی ڈی اے کی زمین، سی ڈی اے کے انتظامی کنٹرول میں آنے والی زمین اور اسلام آباد کے اندر موجود دیگر سرکاری اراضی پر قائم تعمیرات پر سختی سے نافذ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس ضمن میں آئیسکو چیف نے اسلام آباد میں تعینات تمام ایکسینز اور ایس ڈی اوز کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سی ڈی اے سے نقشہ منظوری، جس میں لی آؤٹ پلان (ایل او پی) شامل ہو، کے بغیر کسی بھی درخواست گزار کو بجلی کا کنکشن فراہم نہ کیا جائے۔نئی ہدایات کے بعد اسلام آباد میں شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ بجلی کے نئے کنکشن حاصل کرنے کا عمل مزید مشکل ہو گیا ہے، جس سے زیر تعمیر مکانات اور تجارتی منصوبے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

