اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف نے مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں سپریم کونسل برائے اسلامی امور کی 36 ویں بین الاقوامی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے کانفرنس میں شرکت کرنے والے بین الاقوامی وفود اور شرکا سے صدارتی محل میں ملاقات کی۔
ان وفود میں پاکستان کے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف بھی شامل تھے جنہوں نے کانفرنس میں پاکستان کا موقف پیش کیا۔صدارتی ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے نئی مذہبی حکمتِ عملی کی تشکیل اور مذہبی و سماجی اداروں کے درمیان مضبوط روابط پر زور دیا ، انہوں نے کہا کہ اسلام انسانی ترقی اور مستقبل کے تقاضوں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی رکھتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مصر کی بنیادی پالیسی انسانی وسائل میں سرمایہ کاری کرنا ہے کیونکہ ملک کی حقیقی ترقی انسانی ترقی سے ہی وابستہ ہے۔

