آر ڈی اے کی فیصل ٹاؤن ہاؤسنگ سکیم کے خلاف قانونی کارروائی فیصل ٹاؤن کے مالک چوہدری عبدالمجید کا بھائی چوہدری جاوید گرفتار ۔

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر ) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایات پر آر ڈی اے کے ایم پی اینڈ ٹی ای ڈائریکٹوریٹ آرڈی اے نے فیصل ٹاؤن ہاؤسنگ سکیم کے مالک چوہدری عبدالمجید اور دیگر ممبران طاہر پرویز، فضل داد اور محمد پرویز کے خلاف تھانہ ایئرپورٹ میں ایف آئی آر درج کروا دی ہے۔ پولیس کے تعاون سے کارروائی کرتے ہوئے چوہدری عبدالمجید کے بھائی چوہدری جاوید کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ فیصل ٹاؤن ہاؤسنگ سکیم کی انتظامیہ نے منظور شدہ لے آؤٹ پلان کی سنگین خلاف ورزیاں کیں، جن میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ پر کسی قسم کا کوئی ترقیاتی کام شروع نہ کرنا شامل ہے۔

اس کے علاوہ ہاؤسنگ سکیم میں 53 پلاٹس کی الاٹمنٹ نہیں کی گئی جبکہ نالہ کی الاٹمنٹ بھی عمل میں نہیں لائی گئی، جو قواعد و ضوابط کی واضح خلاف ورزی ہے۔ ایف آئی آر چوہدری عبدالمجید کے علاہ ، فضل داد ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی اور شہریوں کے مفادات کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ ترجمان آر ڈی اے کے مطابق فیصل ٹاؤن ہاؤسنگ سکیم کے خلاف کارروائی پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 کے تحت عمل میں لائی گئی ہے .

جبکہ سکیم انتظامیہ کو متعدد مرتبہ نوٹسز جاری کیے گئے تھے، تاہم مقررہ مدت میں خلاف ورزیاں دور نہیں کی گئیں۔ ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ اس نوعیت کی دیگر ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے اور کسی کو بھی قواعد و ضوابط سے بالاتر نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے شہریوں کو بھی ہدایت کی کہ پلاٹس کی خرید و فروخت سے قبل آر ڈی اے سے ہاؤسنگ سکیم کی منظوری کی تصدیق ضرور کریں تاکہ کسی بھی قسم کے مالی نقصان سے بچا جا سکے۔