اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر ِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے پاکستان ریلویز ہیڈکوارٹرز لاہور میں بزنس فسیلیٹیشن سینٹر کا باضابطہ افتتاح کر دیا، بزنس فسیلیٹیشن سینٹر کا قیام پاکستان ریلویز کے ساتھ کاروبار کرنے والے شراکت داروں کی سہولت کیلئے عمل میں لایا گیا ہے,وفاقی وزیر ِ ریلوے نے کہا کہ بزنس فسیلیٹیشن سینٹر سے پاکستان ریلویز کے فریٹ، لاجسٹکس اور کمرشل امور میں نمایاں تیزی، سہولت اور شفافیت بھی آئے گی،انہوں نے کہا کہ یہ مرکز سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کے لیے ون ونڈو سہولت فراہم کرے گا جہاں انہیں فوری رہنمائی اور بروقت فیصلوں تک براہِ راست رسائی حاصل ہو گی, حنیف عباسی نے واضح کیا کہ پاکستان ریلویز کے ساتھ کاروبار کرنے والے تمام افراد اور اداروں کو محض صارف نہیں بلکہ کاروباری شراکت دارسمجھا جائے گا اور انہیں ہر ممکن حد تک سہولت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بزنس فسیلیٹیشن سینٹر میں آنے والے سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کیلئے انفارمیشن ڈیسک پر معلومات دستیاب ہوں گی اور بغیر کسی انتظار کے ان کی رہنمائی اور معاونت کی جائے گی,وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ سہولت مرکز پاکستان ریلویز میں جدید بزنس ماڈل کے فروغ، شفاف کمرشل فیصلوں، نجی شعبے کے اعتماد میں اضافے اور ادارے کی آمدن بڑھانے کی جانب ایک اہم اور عملی قدم ہے،انہوں نے کہا کہ بزنس فسیلیٹیشن سینٹر مستقبل میں فریٹ، لاجسٹکس اور کمرشل شراکت داریوں کے لیے پاکستان ریلویز کا مرکزی رابطہ ہو گا,انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ریلویز کو ایک جدید، سرمایہ کار دوست اور منافع بخش قومی ادارہ بنانے کے لیے تمام ضروری اصلاحات جاری رہیں گی۔

