راولپنڈی میں کمسن بچی کے قتل پر وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کا سخت نوٹس.

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے راولپنڈی میں 14 سالہ کمسن بچی کے بہیمانہ قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی، اظہارِ تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ معصوم بچی کے قتل کا مقدمہ ان کا ذاتی مقدمہ ہے اور اس کیس میں انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے،وزیرِ ریلوے نے کہا کہ ایسے سفاک عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ظالموں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے سی پی او راولپنڈی سے بھی رابطہ کیا اور ہدایت کی کہ ملزموں کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، انہیں آگاہ کیا گیا کہ ملزم قانون کی گرفت کے قریب ہے، محمد حنیف عباسی نے کہا کہ حکومت اور پاکستان ریلوے اس دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ انصاف کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔