بانی پی ٹی آئی کا پمز ہسپتال میں آنکھوں کا طبی معائنہ کیا گیا، بانی پی ٹی آئی بالکل ٹھیک اور صحت مند ہیں .وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ طبی ماہرین کی تجویز پر بانی پی ٹی آئی کا پمز ہسپتال میں آنکھوں کا طبی معائنہ ہوا، بانی پی ٹی آئی بالکل ٹھیک ہیں، تمام قیدیوں کو صحت کی سہولیات میسر ہیں۔ جمعرات کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آنکھوں کے طبی ماہرین نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں کا معائنہ کیا تھا جس کے بعد انہوں نے تجویز کیا کہ معمولی طبی کارروائی کے لئے انہیں پمز لے جانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ آنکھوں کے طبی ماہرین کی سفارش پر گذشتہ ہفتہ کی رات انہیں پمز ہسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی آنکھوں کا معائنہ ہوا، بانی پی ٹی آئی کی تحریری رضامندی کے بعد تقریباً 20 منٹ کی طبی کارروائی ہوئی جس کے بعد انہیں ضروری ہدایات کے ساتھ واپس اڈیالہ جیل لے جایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ طبی کارروائی کے دوران بانی پی ٹی آئی اسٹیبل اور بالکل صحت مند تھے۔ انہوں نے کہا کہ تمام قیدیوں کو طبی سہولت تک رسائی حاصل ہوتی ہے، یہ رولز کے مطابق ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ طبی کارروائی کے دوران بانی پی ٹی آئی بالکل صحت مند تھے۔ طبی ماہرین کی رائے تھی کہ انہیں معمولی طبی کارروائی کے لئے پمز لے جانا ضروری ہے اور بانی کی رضامندی کے بعد بیس منٹ میں طبی کارروائی پوری کرکے انہیں واپس لے جایا گیا۔