وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی پولیو ٹاسک فورس کا اعلیٰ سطحی اجلاس

کراچی (بیورو رپورٹ )وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی پولیو ٹاسک فورس کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی ترجیح ہے اور بچوں کی قوت مدافعت میں اضافہ اس مقصد کے حصول کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے والدین، سکولوں، کمیونٹیز، میڈیا اور حکومت کے مشترکہ کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پولیو فری سندھ کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان میں 2026ء کے دوران اب تک پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا جبکہ 2024ء میں 74 اور 2025ء میں 31 کیسز سامنے آئے تھے۔ سندھ میں 2024ء کے دوران 23، 2025ء میں 9 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 2026ء میں اب تک کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ ماحولیاتی نگرانی کے تحت 29 مقامات سے لیے گئے نمونوں میں سے 11 پولیو مثبت، 5 منفی جبکہ 13 کے نتائج زیر التوا ہیں جو مسلسل نگرانی کی ضرورت کی نشاندہی کرتے ہیں۔فروری 2026ء انسداد پولیو مہم کی تفصیلات کے مطابق 2 تا 8 فروری 2026 ء ملک بھر میں پولیو مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

انسداد پولیو مہم کے دوران 30 اضلاع اور 1,490 یونین کونسلوں میں 5 سال سے کم عمر 1 کروڑ 5 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا ہدف ہے۔89 لاکھ گھروں میں گھر گھر پولیو قطرے پلائے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ 80 ہزار سے زائد پولیو ورکرز، سکیورٹی کے لیے 21 ہزار پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔یونین کونسل کی سطح پر ڈپٹی کمشنرز مہم کی نگرانی کریں گے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے میڈیا ہائوسز پر زور دیا کہ ہر نیوز بلیٹن کا آغاز پولیو آگاہی پیغام سے کیا جائے تاکہ عوامی شعور اور ویکسینیشن کی طلب میں اضافہ ہو ، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مہم کے دوران کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے اور پولیو ورکرز اور بچوں کی سکیورٹی کو اولین ترجیح دی جائے۔انہوں نے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو ہدایت کی کہ پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو کلاس روم کی سطح پر پولیو ویکسین پلائی جائے۔

بلدیاتی حکومت کو ہائی رسک یونین کونسلوں میں صفائی اور نکاسی آب کی سرگرمیوں کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کی گئی جبکہ محکمہ اطلاعات کو متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہوئے سوشل میڈیا سمیت تمام پلیٹ فارمز پر پولیو مہم کی تشہیر اور آگاہی بڑھانے کی ذمہ داری سونپی گئی ، اجلاس میں میئر کراچی، چیف سیکریٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، کمشنرز، سیکریٹریز صحت، تعلیم، بلدیات اور عالمی شراکت دار اداروں ڈبلیو ایچ او، یونیسیف اور روٹری انٹرنیشنل کے نمائندگان نے شرکت کی۔ دیگر ڈویژنز کے حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں حصہ لیا۔اجلاس کے اختتام پر وزیر اعلیٰ سندھ نے ڈبلیو ایچ او، یونیسیف، روٹری انٹرنیشنل اور تمام شراکت دار اداروں کے پولیو کے خاتمے کے لیے مسلسل تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔