پشاور(بیورو رپورٹ)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق خیبر پختونخوا میں ترقی، امن، خوشحالی کا فروغ گورنر ہاؤس پشاور کی ترجیحات میں شامل ہے، ہماری یہ کوشش ہے کہ ملک کے دیگر شہروں کی طرح پشاور اور خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں ترقی، ثقافت اور خوشحالی کا دور دورہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ کراچی کے موقع پر پیپلز پارٹی ضلع کورنگی کے نائب صدر اور چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ کی جانب سے شہید ذوالفقار علی بھٹو کرکٹ اکیڈمی میں منعقدہ تاریخی فلاور شو (پھولوں کی نمائش) کے دورہ کے موقع پر کیا۔ کورنگی ٹاؤن آمد پر صدر پاکستان پیپلز پارٹی ضلع کورنگی جانی میمن نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر نائب صدر پیپلز لائیرز فورم، کراچی ڈویژن ایڈووکیٹ طارق محمود خٹک، نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی ضلع کورنگی ڈاکٹر طاہر، چیئرمین زکوۃ کمیٹی ضلع کورنگی عمران صدیقی، پی ایس 95 کے رکن و کونسل ممبر کورنگی ٹاؤن سلیم اعوان، صدر پی ایس 92 متین لودھی، صدر پی ایس 94 کاؤثر عابدی، چیئرمین یوسی 2 قاری اسرار، چیئرمین یوسی 11 مرتضیٰ علی میمن، صدر پیپلز لائیرز فورم ضلع کورنگی راجہ عادل، صدر لیڈیز ونگ ضلع کورنگی روحینہ ابرار، جنرل سیکریٹری شہبانہ اویس، ٹاؤن کونسلرز نازیہ ناز، امتیاز چیمہ، عذرا بانو، اپوزیشن لیڈر کورنگی ٹاؤن محمد ہارون، ندا ناز ، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما آصف لودھی، نیاز بٹگرامی، شیر علی آفریدی، بزنس فورم کے نمائندگان اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔
اس موقع پر چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلاور شو کے انعقاد کا مقصد قدرتی حسن، ماحول دوست سرگرمیوں اور شہریوں میں جمالیاتی ذوق کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کے سافٹ امیج کے حوالہ سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی کاوشوں اور کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر کے جیالے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کنڈی پر فخر کرتے ہیں۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر اپنی گفتگو میں کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق خیبر پختونخوا میں ترقی، امن، خوشحالی کا فروغ گورنر ہاؤس پشاور کی ترجیحات میں شامل ہے، ہماری یہ کوشش ہے کہ ملک کے دیگر شہروں کی طرح پشاور اور خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں ترقی، ثقافت اور خوشحالی کا دور دورہ ہو۔

