اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی قیادت میں پاکستانی وفد نے واشنگٹن ڈی سی میں امریکی محکمۂ تجارت میں امریکی سیکرٹری تجارت ہاورڈ اے لٹنک سے ملاقات کی۔وزیرِ خزانہ کے ہمراہ سیکرٹری تجارت، امریکا میں پاکستان کے سفیر اور تجارتی و اقتصادی وزرا بھی موجود تھے۔ یہ بات ہفتہ کو وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں بتائی گئی۔دونوں جانب سے تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں بالخصوص اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔
اس کے علاوہ امریکا کی جانب سے آئی سی ٹی، کان کنی اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیرِ خزانہ نے 31 مارچ 2026 کو منعقد ہونے والے امریکہ-پاکستان تجارتی و سرمایہ کاری فورم کے انعقاد پر امریکی چیمبر آف کامرس کے کردار کو سراہا۔ اس فورم میں دونوں ممالک کی معروف کمپنیوں کے نمائندے اور پاکستان و امریکا کی وزارتی سطح کی قیادت شرکت کرے گی۔
وزیرِ خزانہ نے امید ظاہر کی کہ امریکی سیکرٹری تجارت کا دفتر بھی اس فورم میں شرکت کرے گا۔دونوں فریقین نے آئندہ مہینوں میں بڑے منصوبوں میں سرمایہ کاری سے متعلق روابط کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

