ژوب میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 10 خوارج ہلاک

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) 24 فروری 2026 کو بلوچستان کے ضلع ژوب میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشن میں آٹھ بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو ہلاک کرنے کے بعد، 25 فروری 2026 کو سیکیورٹی فورسز نے ضلع ژوب میں ایک جامع کلیئرنس اور سرچ آپریشن کیا، جس کا مقصد بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے چھپے ہوئے دہشت گردوں کا تعاقب کرنا تھا۔

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مختلف راستوں پر خوارج کا سراغ لگایا اور ان کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد مزید دس بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو ہلاک کر دیا گیا، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ یہ عناصر علاقے میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے تھے۔

علاقے میں موجود کسی بھی مزید بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے جاری ویژن “عزمِ استحکام” کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل انسداد دہشت گردی مہم پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گی۔