Allegations of Double Deduction Against JazzCash and Mobilink; Private Account Refund Offer Raises Questions CAPITALNEWSPOINT.COM

جاز کیش اور موبی لنک پر ڈبل کٹوتی کا الزام، نجی اکاؤنٹ سے رقم واپس کرنے کی پیشکش کا انکشاف

اسلام آباد(سپیشل رپورٹر )جاز کیش بینک اور موبی لنک کمپنی کے خلاف صارفین کی رقم مبینہ طور پر ڈبل کٹوتی کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ متاثرہ صارفین کا کہنا ہے کہ موبائل پیکج ایکٹیویٹ نہ ہونے کے باوجود ان کے اکاؤنٹس سے رقم دو بار منہا کر لی گئی، جبکہ بارہا شکایات کے باوجود رقم واپس نہیں کی گئی، جاز کیش بینک اور موبی لنک کمپنی کے اکاؤنٹ کے بجائے پرائیوٹ اکاؤنٹ سے ایک شہری کو رقم واپس کرکے معاملہ گول کرنے کا کہا گیا

ذرائع کے مطابق جاز کیش انتظامیہ کی جانب سے رقم کی منتقلی کو آسان بنانے کے لیے ایک نئی ایپ متعارف کروائی گئی، تاہم متعدد صارفین نے اس ایپ کے استعمال کے دوران تکنیکی خرابیوں کی شکایت کی ہے۔ متعدد شہریوں علی ، خالد ، شکیل ، ابوذر ، احسان ، احمد ، و دیگر کے مطابق اس نے جاز کیش ایپ کے ذریعے موبائل پیکج کروانے کی کوشش کی جو فعال نہ ہو سکا، مگر اس کے اکاؤنٹ سے رقم ڈبل کاٹ لی گئی اور رقم مبینہ طور پر موبی لنک کمپنی کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دی گئی ، متاثرین کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعدد بار کسٹمر سروس سے رابطہ کیا، لیکن انتظامیہ نے رقم واپس کرنے کے بجائے مختلف حیلے بہانوں سے کام لیا۔ عوامی و سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر صارفین کی رقوم واپس دلائی جائیں۔

کیپیٹل نیوز پوائنٹ کی جانب سے جب جاز کیش کے پی آر او سے رابطہ کیا گیا تو ان کا مؤقف تھا کہ رقم موبی لنک کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوئی ہے اور اس معاملے میں وہ کچھ نہیں کر سکتے۔ تاہم صارفین کا کہنا ہے کہ دونوں ادارے ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈال کر معاملے سے لاتعلقی اختیار کر رہے ہیں، جس کے باعث عوام کو مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے ، متاثرین نے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔