پاکستان اور ترکیہ کے درمیان لائیو اسٹاک کے شعبے میں تعاون کے فروغ پر اعلیٰ سطحی اجلاس

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ترکیہ کے وفد نے شرکت کی۔ وفد کی قیادت پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عزت مآب مسٹر عرفان نذیروغلو کر رہے تھے جبکہ اجلاس کی میزبانی پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل (PARC) کے چیئرمین ڈاکٹر سید مرتضیٰ حسن اندرابی نے کی اجلاس میں پاکستان کے لائیو اسٹاک سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے، گوشت کی پراسیسنگ، جانوروں کی صحت کے نظام کو مضبوط بنانے اور برآمدات کے فروغ کے لیے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترک وفد میں لائیو اسٹاک، جینیٹکس، جانوروں کی بیماریوں کے کنٹرول، سرٹیفیکیشن، لاجسٹکس اور کولڈ چین کے شعبوں کے ماہرین شامل ہیں جو پاکستان میں مختلف لائیو اسٹاک مراکز اور سلاٹر ہاؤسز کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ موجودہ نظام کا جائزہ لے کر اس شعبے کی بہتری کے لیے سفارشات مرتب کی جا سکیں۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں لائیو اسٹاک کا شعبہ زرعی معیشت کا ایک بنیادی ستون ہے اور اسے جدید بنانے سے نہ صرف خوراک کے تحفظ کو بہتر بنایا جا سکتا ہے بلکہ گوشت اور دیگر لائیو اسٹاک مصنوعات کی برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے تجربات اور جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے لائیو اسٹاک کی پیداوار، گوشت کی پراسیسنگ اور ویلیو چین کو مزید مؤثر اور برآمدات کے لیے موزوں بنانا چاہتا ہے اجلاس میں سینیٹری اور فائیٹو سینیٹری (SPS) معیارات کی بہتری، لائیو اسٹاک کی ٹریس ایبلٹی کے نظام کو مضبوط بنانے اور بین الاقوامی تقاضوں کے مطابق ریگولیٹری فریم ورک کو بہتر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترکیہ نے پاکستان کے لائیو اسٹاک اور گوشت کی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے تکنیکی تعاون فراہم کرنے کی پیشکش کی، خاص طور پر یورپی یونین کے معیارات کے مطابق نظام کو ہم آہنگ بنانے کے حوالے سے۔

اجلاس میں پاکستان میں بیماری سے پاک پائلٹ ریجن کے قیام کی تجویز پر بھی غور کیا گیا جس کے ذریعے لائیو اسٹاک اور جانوروں سے حاصل ہونے والی مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دیا جا سکے گا۔ اس اقدام کے تحت بیماریوں کی نگرانی، ویکسینیشن کے نظام کو بہتر بنانے اور بین الاقوامی ضوابط کے مطابق انفراسٹرکچر کی بہتری شامل ہوگی اس کے علاوہ لائیو اسٹاک کی مؤثر نگرانی اور بیماریوں کے کنٹرول کے لیے جدید ڈیجیٹل اینیمل ٹریکنگ سسٹم کے استعمال، فٹ اینڈ ماؤتھ ڈیزیز (FMD) اور لمپی اسکن ڈیزیز (LSD) جیسی بیماریوں کے خلاف ویکسین کی فراہمی اور مستقبل میں ممکنہ مشترکہ ویکسین پیداوار کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔ جدید اور بین الاقوامی معیار کے سلاٹر ہاؤسز کے قیام اور کولڈ چین نظام کی بہتری کے امکانات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

ترکیہ کے سفیر عرفان نذیروغلو نے اس موقع پر کہا کہ ترکیہ پاکستان کے ساتھ لائیو اسٹاک کے شعبے میں قریبی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے اور ترک ماہرین پاکستان کے مختلف لائیو اسٹاک مراکز اور سہولیات کا دورہ کر کے اس شعبے کو جدید اور برآمدات کے قابل بنانے کے لیے عملی سفارشات مرتب کریں گے چیئرمین PARC ڈاکٹر سید مرتضیٰ حسن اندرابی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی تعاون، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کے ذریعے پاکستان کے لائیو اسٹاک شعبے کی پیداواری صلاحیت اور معیار میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ترک ماہرین کے دوروں اور تکنیکی مشاورت کی بنیاد پر ایک جامع رپورٹ اور تعاون کا روڈ میپ تیار کیا جائے گا، جس کے تحت پاکستان کے لائیو اسٹاک سیکٹر کو جدید، مؤثر اور برآمدات کے لیے موزوں بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔ ترک وفد آئندہ دنوں میں پاکستان کے مختلف لائیو اسٹاک مراکز اور سہولیات کا دورہ جاری رکھے گا اور اس شعبے کی بہتری کے لیے اپنی سفارشات پیش کرے گا.