اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے مطابق فروری کے مہینے میں ملک بھر میں 3,444 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن ہوئی ہے جس سے پاکستان میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 287,049 ہو گئی ہے ایس ای سی پی کے مطابق نئی رجسٹر ہونے والی 82 کمپنیوں میں غیر ملکی شراکت داری بھی شامل ہے۔ چین سے تعلق رکھنے والے افراد نے 44 کمپنیوں میں بطور ڈائریکٹر شمولیت اختیار کی جبکہ امریکہ، برطانیہ، جرمنی اور کینیڈا سمیت دیگر ممالک کے سرمایہ کاروں نے بھی مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی۔

اعداد و شمار کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاروں نے خاص طور پر مائننگ، ٹریڈنگ اور آئی ٹی کے شعبوں میں کمپنیوں کی رجسٹریشن کروائی۔ صوبوں کے لحاظ سے پنجاب میں سب سے زیادہ 1,696 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، اسلام آباد میں 656 جبکہ سندھ میں 555 کمپنیوں کی رجسٹریشن ہوئی شعبہ وار جائزے کے مطابق آئی ٹی اور ای کامرس کے شعبے میں 723 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں جبکہ ٹریڈنگ کے شعبے میں 531، سروسز میں 434 اور رئیل اسٹیٹ میں 323 نئی کمپنیاں قائم کی گئیں۔ اس کے علاوہ مائننگ، ٹیکسٹائل، تعلیم، صحت، کھیلوں کے سامان، کیبلز اور الیکٹرک گڈز کے شعبوں میں بھی نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن دیکھنے میں آئی ہے۔
ماہرین کے مطابق نئی کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی رجسٹریشن ملک میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی اور سرمایہ کاری کے بہتر مواقع کی عکاسی کرتی ہے۔

