پاکستان میں پٹرول سب سے مہنگا، شہری حکومت سے فوری کمی کا مطالبہ کر رہے ہیں

لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان خطے میں سب سے زیادہ پٹرول مہنگا کرنے والا ملک بن گیا ہے، جس سے ملک میں مہنگائی کی ایک نئی لہر کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔ شہری حکومت سے پٹرول کی فوری کمی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ پٹرولیم ذخائر موجود ہونے کے باوجود حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ صرف پٹرول تک محدود نہیں ہے؛ پٹرول کی قیمت بڑھنے سے ضروری اشیاء کی قیمتیں بھی خود بخود بڑھ جاتی ہیں۔

پاکستان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اس وقت پاکستان میں پٹرول کی قیمت 321 روپے 17 پیسے فی لٹر ہے، جبکہ بھارت میں 94 روپے 77 پیسے، سری لنکا میں 293 روپے، اور بنگلہ دیش میں صرف 116 ٹکا فی لٹر ہے۔

قیمتوں میں اضافے کے بعد مال بردار ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 20 فیصد اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے نتیجے میں ضروری اشیاء کی قیمتیں مزید بڑھ جائیں گی۔ پبلک ٹرانسپورٹ کے آپریٹرز نے بھی کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے، جس سے شہریوں کے لیے سفر مزید مشکل ہو جائے گا۔

ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں اضافے سے دوسرے شہروں میں ملازمت یا کام کے لیے جانے والے کارکنوں کے لیے بھی اخراجات بڑھ جائیں گے۔ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ ادھر، لاہور ہائی کورٹ میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو چیلنج کر دیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے فی لٹر 55 روپے اضافے کے بعد، پٹرول کی نئی قیمت 321 روپے 17 پیسے اور ڈیزل کی نئی قیمت 335 روپے 86 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے۔