اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وزارت داخلہ نے انکشاف کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے کوہسار بلاک میں نصب 14 لفٹوں میں سے 10 خراب ہیں جس کے باعث عمارت میں آنے جانے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، وزارت داخلہ کی جانب سے اس حوالے سے تحریری تفصیلات قومی اسمبلی میں جمع کرا دی گئی ہیں، دستاویزات کے مطابق کوہسار بلاک میں مجموعی طور پر 14 لفٹیں موجود ہیں جن میں سے 12 مسافر لفٹیں جبکہ 2 کارگو (سامان لے جانے والی) لفٹیں شامل ہیں۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت صرف 4 لفٹیں ورکنگ کنڈیشن میں ہیں جبکہ باقی 10 لفٹیں خراب پڑی ہیں، مزید بتایا گیا ہے کہ کوہسار بلاک کو اپریل 2025 میں دیکھ بھال کی ذمہ داری کے تحت پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (پاک پی ڈبلیو ڈی) سے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے سپرد کیا گیا تھا۔
خراب لفٹوں کی مرمت کے لیے 33.251 ملین روپے کا تخمینہ بھی تیار کیا گیا تھا جس کی منظوری چیئرمین سی ڈی اے نے 8 جولائی 2025 کو دے دی تھی۔ تاہم فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث تاحال سائٹ پر مرمتی کام شروع نہیں کیا جا سکا، حکام کے مطابق جیسے ہی فنڈز مختص کیے جائیں گے، مرمت کا کام کم سے کم ممکنہ وقت میں مکمل کر لیا جائے گا۔

