اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے جمعہ کو کراچی پورٹ سے متحدہ عرب امارات تک نئی فیڈر شپنگ سروس کے آغاز کا اعلان کیا ہے، جسے پاکستان کی ٹرانس شپمنٹ صلاحیت بڑھانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی گیٹ وے ٹرمینل (پرائیویٹ) لمیٹڈ جو کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کا اہم کاروباری شراکت دار ہے، کو ایک خصوصی فیڈر سروس فراہم کی جائے گی جو کراچی کو متحدہ عرب امارات کی بندرگاہوں فجیرہ اور خورفکان سے منسلک کرے گی۔ اس اقدام سے خطے میں بدلتی شپنگ صورتحال کے تناظر میں پاکستان کی تجارتی برادری کے لیے بحری رابطے مزید مضبوط ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس نئی سروس کے ذریعے کراچی اور خطے کے دو اہم ٹرانس شپمنٹ مراکز کے درمیان باقاعدہ شپنگ رابطہ قائم ہو جائے گا، جس سے پاکستانی درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان کو عالمی کنٹینر شپنگ نیٹ ورک تک مسلسل اور قابل اعتماد رسائی حاصل رہے گی وفاقی وزیر کے مطابق اس سروس کے جہاز کراچی گیٹ وے ٹرمینل پر لنگر انداز ہوں۔ اس سروس کا پہلا جہاز 11 مارچ کی شام کے وقت کے جی ٹی ایل پہنچا، جس کے ساتھ ہی باقاعدہ آپریشن کا آغاز ہو گیا انہوں نے مزید کہا کہ نئی فیڈر سروس کے ذریعے کے جی ٹی ایل کے ذریعے سپلائی چین کا تسلسل برقرار رکھنے میں مدد ملے گی اور پاکستان کی تجارت کو عالمی منڈیوں تک قابل اعتماد رسائی میسر رہے گی۔
فجیرہ اور خورفکان کے ذریعے منتقل ہونے والا کارگو متحدہ عرب امارات کے جدید لاجسٹک نظام کے باعث علاقائی اور بین الاقوامی شپنگ نیٹ ورکس سے باآسانی منسلک ہو سکے گا۔ کنٹینرز کو مربوط سڑک اور ریل راہداریوں کے ذریعے متحدہ عرب امارات کے بڑے تجارتی مراکز اور لاجسٹک مراکز تک مؤثر انداز میں منتقل کیا جا سکے گا اس موقع پر چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ ریئر ایڈمرل (ر) شاہد احمد نے کہا کہ اس فیڈر سروس کے آغاز سے کراچی پورٹ کے اہم علاقائی مراکز کے ساتھ رابطے مزید مضبوط ہوں گے اور یہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی تجارتی ضروریات کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ بحری روابط کو فروغ دینے سے کارگو کی نقل و حرکت مزید آسان ہوگی اور ملکی تجارتی برادری کو زیادہ سہولت میسر آئے گی، جو وفاقی وزیر برائے بحری امور کے وژن کے مطابق ہے۔
دریں اثنا کراچی گیٹ وے ٹرمینل (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خرم عزیز خان نے کہا کہ اس فیڈر سروس کا آغاز پاکستان کی بحری رابطہ کاری کو مضبوط بنانے اور تجارتی برادری کی معاونت کے لیے کے جی ٹی ایل کے عزم کا عکاس ہے۔ ان کے مطابق کراچی کو متحدہ عرب امارات کے بڑے ٹرانس شپمنٹ مراکز سے براہ راست منسلک کرنے سے درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان کو عالمی شپنگ نیٹ ورکس تک قابل اعتماد رسائی حاصل ہوگی اور کراچی گیٹ وے ٹرمینل کا کردار بین الاقوامی تجارت کے اہم دروازے کے طور پر مزید مستحکم ہوگا وفاقی وزیر محمد جنید انوار چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کا بڑا انحصار بحری تجارت پر ہے اور علاقائی ٹرانس شپمنٹ مراکز کے ساتھ مضبوط رابطہ برآمد کنندگان، درآمد کنندگان اور سپلائی چین کے لیے اضافی استحکام فراہم کرے گا.

