حکومت کا کفایت شعاری اقدام، اعلیٰ سرکاری افسران کی تنخواہوں میں عارضی کٹوتی کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) حکومت نے کفایت شعاری اور ایندھن بچت اقدامات کے تحت اعلیٰ سرکاری افسران کی تنخواہوں میں عارضی کٹوتی کا فیصلہ کر لیا ہے جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تین لاکھ سے دس لاکھ رپے تک تنخواہ لینے والے افسران کی مجموعی تنخواہ سے دو ماہ کے لیے 5 فیصد کٹوتی کی جائے گی۔ دس لاکھ سے بیس لاکھ روپے تنخواہ پر 15 فیصد، بیس لاکھ سے تیس لاکھ روپے پر 25 فیصد اور تیس لاکھ روپے سے زائد تنخواہ پر 30 فیصد کٹوتی کی جائے گی، یہ رقم عوامی سہولت اور فلاحی اقدامات کے لیے استعمال کی جائے گی، اسی طرح سرکاری اداروں اور نجی کمپنیوں کے بورڈز میں شامل حکومتی نمائندوں کی بورڈ فیس بھی دو ماہ کے لیے مکمل طور پر فنڈ میں جمع کرائی جائے گی،حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد مالی نظم و ضبط کو بہتر بنانا اور عوامی فلاح کے منصوبوں کے لیے وسائل فراہم کرنا ہے۔