گوجرانوالہ(بیورو رپورٹ) گوجرانوالہ میں ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کی سربراہی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے سٹی سمیت ضلع بھر میں رمضان المبارک کے دوران سخت آپریشن کیے،فوڈ سیفٹی ٹیموں نے 33 فوڈ پوائنٹس کو 5 لاکھ 57 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے، ایک یونٹ بند کیا اور متعدد مقدمات درج کیے۔ کارروائیوں میں 1 من سے زائد دیسی گھی، 250 پیکٹ گٹکا اور بھاری مقدار میں ممنوعہ و ایکسپائر اجزاء تلف کیے گئے، یہ کارروائیاں ماڈل ٹاؤن، شاہ پور بازار، بٹرانوالی، وزیرآباد، قلعہ دیدار سنگھ سمیت ضلع کے دیگر علاقوں میں بھی کی گئیں،ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق، سابقہ دی گئی ہدایات پر عمل نہ کرنے والے پوائنٹس پر سخت ایکشن لیا گیا، انتہائی لازم ریکارڈ اور ورکرز کے میڈیکل و ٹریننگ سرٹیفکیٹس عدم موجود پائے گئے۔
ماڈل ٹاؤن میں واقع معروف فوڈ چین سویٹس اینڈ بیکرز آؤٹ لیٹس کو ناقص انتظامات پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے جبکہ کھیالی شاہ پور بازار میں واقع ملک شاپ پر مقدمہ درج کروایا گیا، دیسی گھی اور ڈیری کریم کے سیمپلز میں ملاوٹ پائی گئی اور فریزر کی خستہ حالت و صفائی کے ناقص انتظامات بھی رپورٹ ہوئے۔ ترجمان نے کہا کہ ماہ مبارک میں افسران اور فوڈ سیفٹی ٹیمیں 24/7 فیلڈ میں متحرک ہیں اور وزیراعلٰی مریم نواز کے حکم پر زیرو ٹالرینس کے تحت کارروائیاں جاری ہیں، کسی بھی خوراک سے متعلق شکایت کی صورت میں فوری 1223 پر اطلاع دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

