این ڈی ایم اے کا الرٹ: شمالی علاقہ جات، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا خدشہ

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے شمالی علاقہ جات، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے ، این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے مطابق آئندہ 2 سے 3 روز کے دوران بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان ہے، جس کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ملبہ گرنے سے سڑکوں کی بندش کا خدشہ ہے، جبکہ قراقرم ہائی وے پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

چترال، سوات، اپر دیر اور مانسہرہ کے پہاڑی علاقوں میں سڑکیں متاثر ہو سکتی ہیں، جبکہ مظفرآباد اور وادی نیلم میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں ، بلوچستان کے زیارت، ہرنائی، سبی، موسیٰ خیل، شیرانی اور لورالائی میں بھی لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ قومی شاہراہوں این-50، این-65 اور این-70 پر آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے ، این ڈی ایم اے کے مطابق 18 سے 21 مارچ کے دوران گلگت بلتستان میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے باعث اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، خصوصاً استور، سکردو، ہنزہ اور شگر کے علاقوں میں خطرہ زیادہ ہے ، ادارے نے خبردار کیا ہے کہ ندی نالوں میں طغیانی، سڑکوں کی بندش اور چھوٹے انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور لینڈ سلائیڈنگ والے علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کے لیے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے مزید برآں، مستند معلومات اور حفاظتی ہدایات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کے استعمال کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔