ریلوے کی جدید کاری، قومی ترقی اور محفوظ سفری سہولیات کی ضمانت. وفاقی وزیر برائے ریلوےمحمد حنیف عباسی

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے یومِ پاکستان کے موقع پر کہا ہے کہ 23 مارچ 1940 ہماری قومی تاریخ کا درخشاں باب ہے جس نے ایک آزاد وطن کی بنیاد رکھی۔ وزیر نے کہا کہ یومِ پاکستان ہمیں اتحاد، ایمان اور تنظیم کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی یاد دلاتا ہے اور قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت اور علامہ اقبال کے خواب نے پاکستان کے قیام کو ممکن بنایا۔

محمد حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلوے ملک کی معیشت اور ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور وزیر اعظم کی قیادت میں ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسافروں کو محفوظ، معیاری اور بہتر سفری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور ریلوے کے نظام کی جدید کاری سے تجارت، صنعت اور علاقائی روابط کو فروغ ملے گا۔

آخر میں وفاقی وزیر نے یومِ پاکستان کے موقع پر عہد کیا کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے نبھائیں گے اور قومی یکجہتی، استحکام اور محنت ہی پاکستان کو مضبوط اور خوشحال ریاست بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پائندہ باد۔