راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)پارلیمانی سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب، سلطان طارق باجوہ کا واسا راولپنڈی کا دورہ پارلیمانی سیکرٹری برائے ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ، سلطان طارق باجوہ نے واسا راولپنڈی کا دورہ کیا منیجنگ ڈائریکٹر واسا راولپنڈی، عزیز اللہ خان نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران پارلیمانی سیکرٹری کو راولپنڈی میں پانی کی فراہمی اور نکاسیٔ آب سے متعلق جاری آپریشنل امور اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اجلاس میں آئندہ ترقیاتی منصوبوں پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کی تکنیکی اور مالیاتی افادیت کا جائزہ لینے پر خصوصی زور دیا گیا اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ ترقیاتی منصوبوں پر پائیدار اور مؤثر انداز میں عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

مزید برآں، ادارے کی مالی خودمختاری کو مستحکم کرنے کے لیے ریونیو میں اضافے کی حکمت عملیوں پر بھی غور کیا گیا، جبکہ صارفین کی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے کمپلینٹ ریڈریسل سسٹم کو مزید مؤثر اور تیز بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا پارلیمانی سیکرٹری سلطان طارق باجوہ نے شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے واسا راولپنڈی کی کاوشوں کو سراہا اور سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنانے کے لیے ادارہ جاتی صلاحیت اور انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس میں منیجنگ ڈائریکٹر واسا راولپنڈی، عزیز اللہ خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ واسا راولپنڈی شہریوں کو بلا تعطل صاف پانی کی فراہمی، بہتر نکاسیٔ آب اور مؤثر انفراسٹرکچر مینجمنٹ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ ریونیو میں اضافے اور شکایات کے فوری ازالے کو بھی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جا رہا ہے۔

