اسلام آباد (سپیشل رپورٹر)وفاقی دارالحکومت کے تھانہ شہزاد ٹاؤن کے علاقے مارگلہ ٹاؤن میں نامعلوم مسلح افراد نے فارم ہاؤس میں گھس کر معروف کاروباری شخصیت اور اسلام آباد ٹویوٹا موٹرز کے مالک عامر اعوان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق پانچ مسلح افراد زبردستی فارم ہاؤس میں داخل ہوئے، سیکیورٹی گارڈز کو یرغمال بنایا اور ان سے اسلحہ چھین کر اندر داخل ہو گئے۔ ملزمان کلاشنکوف سے مسلح تھے۔ فائرنگ کے نتیجے میں عامر اعوان شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے ، ذرائع کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ چکی ہے جس کی مدد سے تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ مقتول کو ایک گولی لگی جبکہ حیران کن طور پر ملزمان جائے وقوعہ سے کوئی قیمتی سامان لے کر فرار نہیں ہوئے۔
واقعے کے بعد اسلام آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کی عمریں 20 سے 21 سال کے درمیان ہیں اور ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ ملزمان کو شہزاد ٹاؤن کے علاقے سے گرفتار کیا گیا جبکہ یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ وہ کچھ عرصہ قبل جیل سے رہا ہو کر آئے تھے ذرائع کے مطابق ملزمان نے عامر اعوان کو ان کے گھر میں بیوی اور بچوں کی موجودگی میں گولیاں ماریں۔ مقتول کے قتل کا مقدمہ ان کی اہلیہ کی مدعیت میں تھانہ شہزاد ٹاؤن میں درج کر لیا گیا ہے . پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آیا یہ واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے یا کسی اور مقصد کے تحت کارروائی کی گئی۔ پولیس ٹیمیں شواہد اکٹھے کر رہی ہیں جبکہ مزید گرفتاریوں کے لیے چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔

