این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 31 مارچ سے 5 اپریل تک ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق ممکنہ بارشوں کے نتیجے میں خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے کئی اضلاع میں سیلابی صورتحال کا خطرہ ہے۔

بلوچستان کے تربت، کیچ، گوادر، خضدار، ژوب اور لسبیلہ میں اچانک سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔ اگلے 3 سے 4 دنوں کے دوران گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخواہ کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔

پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخواہ کے متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی، طوفان اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ اسلام آباد سمیت مری، راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، گجرات، سیالکوٹ، لاہور، میانوالی اور منڈی بہاؤالدین میں 4 اپریل تک وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، گاڑی احتیاط سے چلانے اور موسمی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تیز ہواؤں اور طوفان کے دوران درختوں، کمزور تعمیرات اور تنصیبات سے دور رہنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔

شمالی علاقوں میں مسافر اور سیاح سفر کرنے سے پہلے موسم اور سڑکوں کی صورتحال چیک کریں۔ این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” کے ذریعے بروقت معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔