پشاور (بیورو رپورٹ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان پیپلز پارٹی کے مختلف وفود نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقاتیں کیں، جن میں پارٹی امور، سیاسی صورتحال اور عوامی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی ، گورنر ہاؤس کے ترجمان کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق امیدوار داؤد خان برکی نے وفد کے ہمراہ گورنر سے ملاقات کی اور اپنے حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر پارٹی تنظیمی معاملات اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات پر تبادلہ خیال ہوا ، ایک اور ملاقات میں پیپلز پارٹی کے ڈویژنل صدر مصباح الدین کی قیادت میں وفد نے گورنر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد میں چارسدہ سے لال سید، سید محمد، کونسلر راضی خان اور چیئرمین عامر بھی شامل تھے۔
اس کے علاوہ پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات امجد آفریدی نے بھی گورنر ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر جنید الطاف اور پیپلز پارٹی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری ملک سعید بھی موجود تھے۔ ملاقات میں صوبے کی سیاسی صورتحال اور تنظیمی امور پر گفتگو ہوئی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور پارٹی کو نچلی سطح پر مزید فعال بنانے کے لیے مربوط حکمت عملی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی انہوں نے یومِ دستور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 1973 کا آئین ملک کی جمہوری بنیادوں، وفاقی وحدت اور عوامی اختیار کی حقیقی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین ایک تاریخی سنگِ میل ہے جس نے قوم کو متفقہ لائحہ عمل فراہم کیا۔
فیصل کریم کنڈی نے شہید ذوالفقار علی بھٹو، محترمہ بینظیر بھٹو، صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئینی اداروں کی مضبوطی اور جمہوریت کا تسلسل انہی قیادتوں کی جدوجہد کا نتیجہ ہے انہوں نے کہا کہ آج کا دن اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ آئین کی حفاظت اور اس پر اس کی حقیقی روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

