پاکستان ریلوے کی جدید کاری، سفاری ٹرین اپ گریڈ امریکا ایران مذاکرات میں پاکستان کا اہم کردار

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر اپ گریڈ شدہ سفاری ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے کی جدید کاری کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں انہوں نے کہا کہ سفاری ٹرین کو اپ گریڈ کر کے اس میں اے سی کوچز، نئی نشستیں اور فیملیز کے لیے بہتر ماحول فراہم کیا گیا ہے۔ اس ٹرین کو سیاحت پر مبنی ماڈل میں تبدیل کر دیا گیا ہے جس میں مختلف اسٹیشنز پر مختصر قیام اور سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے، جبکہ اٹک خورد جیسے مقامات پر طویل قیام اور لنچ کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ سفاری ٹرین کی اوکیوپینسی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور عوام کا اعتماد بھی بہتر ہوا ہے۔ انہوں نے ریلوے ملازمین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود وہ نظام کی بحالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ کراچی تا روہڑی ٹریک کی خراب صورتحال کے باوجود ٹرین آپریشن جاری رکھا گیا۔ ریلوے کے مکینیکل، بریکنگ اور لوکوموٹیو سسٹمز میں جامع اصلاحات جاری ہیں جبکہ لوکوموٹیوز کی مینٹیننس کے لیے نیا نظام بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ریلوے اپ گریڈیشن پروگرام دسمبر 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف ہے جبکہ تقریباً 2 ارب ڈالر کا بڑا انفراسٹرکچر منصوبہ زیر تکمیل ہے جس کا باقاعدہ آغاز ستمبر کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے۔ لاہور اور کراچی کے درمیان سفر کا دورانیہ 5 گھنٹے کم کرنے کے لیے بھی تیزی سے کام جاری ہے لاہور ڈویژن میں ٹریک اپ گریڈیشن تقریباً 250 ارب روپے کی لاگت سے جاری ہے۔ نو روٹس پر ڈی ایم یو ٹرینیں چلانے کا منصوبہ پنجاب حکومت کے تعاون سے آگے بڑھ رہا ہے۔ صوبائی حکومتوں کے ساتھ شراکت داری اور جوائنٹ وینچر ماڈل بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔

مریم نواز کی قیادت میں ریلوے منصوبوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ سندھ حکومت کے تعاون سے روہڑی جنکشن کی اپ گریڈیشن کا کام بھی شروع کیا جا رہا ہے تاکہ اسے 150 سال بعد جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔ فریٹ اور کارگو سیکٹر کی بحالی کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں اسلام آباد مذاکرات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان اعلیٰ سطحی مذاکرات میں اہم ثالثی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لانے اور رابطہ کاری میں کلیدی کردار ادا کیا انہوں نے کہا کہ یہ مذاکرات خطے میں امن اور استحکام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہیں، جبکہ امریکا اور ایران دونوں نے پاکستان کی سفارتی کوششوں اور غیر جانبدار کردار کو سراہا ہے۔