ہائی کورٹ روڈ پر تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن، غیر قانونی کمرشل املاک سر بمہر کر دی گئیں۔

راولپنڈی(سٹی رپورٹر) کمشنر راولپنڈی اور ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی انجینئر عامر خٹک کی ہدایات پر آر ڈی اے انفورسمنٹ اسکواڈ نے ہائی کورٹ روڈ پر گلریز گیٹ سے کار چوک اور کار چوک سے پکی گلی تک بھرپور انسداد تجاوزات آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران آر ڈی اے انفورسمنٹ سکواڈ نے تجاوزات کو ہٹا کر سڑک کو اس کی حالت کو بحال کیا تاکہ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس دوران متعدد غیر قانونی کمرشل املاک کو بھی سیل کیا گیا۔

انفورسمنٹ اسکواڈ پورے آپریشن کے دوران متحرک رہا تاکہ کارروائی کو مؤثر اور بروقت مکمل کیا جا سکے۔ اس موقع پر دکانداروں اور عوام الناس کو سرکاری اراضی کے تحفظ، منظور شدہ نقشہ جات کی پابندی اور متعلقہ قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس کارروائی کا مقصد نہ صرف تجاوزات کا خاتمہ تھا بلکہ پیدل چلنے والوں کی سہولت، ٹریفک کی روانی میں بہتری اور صاف ستھرے و منظم شہری ماحول کا فروغ بھی تھا۔ آر ڈی اے نے خبردار کیا ہے کہ بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی بھی صورت سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مزید برآں، آر ڈی اے نے واضح کیا کہ اس نوعیت کی کارروائیاں شہر میں جدید شہری ڈھانچے کی بہتری، ٹریفک کے دباؤ میں کمی اور راولپنڈی کے مجموعی حسن کو بہتر بنانے کی جامع حکمت عملی کا حصہ ہیں۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کی اطلاع آر ڈی اے ہیلپ لائن پر دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔ آر ڈی اے نے شہری نظم و ضبط کو برقرار رکھنے اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اتھارٹی سے مکمل تعاون کریں اور کسی بھی غیر قانونی تعمیر سے گریز کریں۔ یہ آپریشن ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے مسعود احمد بخاری کی نگرانی میں انجام دیا گیا۔ ڈائریکٹر لینڈ و انچارج انفورسمنٹ غضنفر علی اعوان، بلڈنگ انسپکٹر شفیق الرحمن، بلڈنگ سرویئر عامر محمود ملک، عاصم نواز کھوکھر اور دیگر عملہ بھی آپریشن میں شریک تھا۔