این ڈی ایم اے کا ملک بھر میں ہیٹ ویو اور بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )این ڈی ایم اے کا ہیٹ ویو اور موسمی خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک بھر میں ممکنہ موسمی خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے این ای او سی کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال پہلے سے جاری کیے گئے متوقع موسمی جائزے کے مطابق ہے، جبکہ اپریل سے جون تک کے موسمی حالات پر مبنی تفصیلی رپورٹ بھی پہلے ہی جاری کی جا چکی ہے۔

این ڈی ایم اے نے 5 مئی تک ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کی لہر کا الرٹ جاری کیا ہے۔ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے بعض علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، جن میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، بہاولپور، رحیم یار خان، ملتان اور تربت شامل ہیں وسطی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں بھی درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

24 سے 29 اپریل تک :پنجاب کے بالائی اور وسطی اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ مری، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور، ڈی جی خان اور ملتان میں بارش متوقع ہے بلوچستان کے شمالی علاقوں کوئٹہ، زیارت، قلات اور خضدار میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ گوادر سمیت ساحلی علاقے گرم اور خشک رہیں گے۔

سندھ میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم حیدرآباد، بدین اور مٹھی میں 24 اپریل کو ہلکی بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی کے باعث لو لگنے، پانی کی کمی اور دیگر صحت کے مسائل بڑھ سکتے ہیں، لہٰذا شہری غیر ضروری طور پر دھوپ میں باہر نکلنے سے گریز کریں، زیادہ پانی پئیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

اتھارٹی نے تمام متعلقہ اداروں کو ہیٹ ویو پلان فعال کرنے، کولنگ سینٹرز قائم کرنے اور ہسپتالوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” سے بروقت معلومات حاصل کریں۔