اسلام آباد(کامرس رپورٹر)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار طاہر محمود نے گوانگزو انٹرنیشنل کوآپریشن سینٹر (GICC) کا دورہ کیا، جس کے ذریعے پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور بزنس ٹو بزنس روابط کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبر اور چیئرمین فارن ڈیلیگیشن کمیٹی عمران منہاس، جنہوں نے اس دورے کے انعقاد میں کلیدی کردار ادا کیا، بھی صدر کے ہمراہ تھے۔
یاد رہے کہ جی آئی سی سی ایک غیر منافع بخش پلیٹ فارم ہے جو عالمی منڈیوں کو جوڑنے اور باہمی فائدے پر مبنی تعاون کو فروغ دینے کے لیے قائم کیا گیا ہے، اور یہ بین الاقوامی کاروباری تعاون کا ایک متحرک مرکز بن چکا ہے۔ 27 سے زائد کمپنیوں کی شمولیت کے ساتھ یہ مرکز پاکستان، چین اور دیگر ممالک کے درمیان B2B روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور کاروباری شراکت داری، وسائل اور مارکیٹ تک رسائی کے لیے ایک جامع ون ونڈو سہولت فراہم کرتا ہے دورے کے دوران سردار طاہر محمود نے جی آئی سی سی کے منتظمین اور نمایاں چینی کاروباری رہنماؤں سے مفید ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ روابط کے فروغ، جوائنٹ وینچر کے مواقع تلاش کرنے اور میڈیکل، کنسٹرکشن اور تجارتی خدمات سمیت اہم شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر آئی سی سی آئی نے عالمی منڈیوں کو قریب لانے میں سینٹر کے فعال کردار کو سراہا اور کہا کہ ایسے پلیٹ فارمز عالمی کاروباری برادری کی بدلتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے میں انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چاہے کاروباری اداروں کو کسی مخصوص شعبے تک رسائی درکار ہو، لاجسٹک سپورٹ یا نیٹ ورکنگ کے مواقع یہ سینٹر مؤثر راہنمائی فراہم کرتا ہے یہ امر قابل ذکر ہے کہ آئی سی سی آئی پہلے ہی جی آئی سی سی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کر چکا ہے، جس سے باقاعدہ تعاون کی بنیاد رکھی گئی ہے۔ اس شراکت داری کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے آئیسی سی آئی اب سینٹر میں ایک خصوصی کاؤنٹر قائم کرنے جا رہا ہے تاکہ پاکستانی کاروباری افراد، خصوصاً آئی سی سی آئی ممبران، کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ اس اقدام سے ملک بھر کے کاروباری افراد کو چینی ہم منصبوں سے براہ راست رابطہ اور نئے تجارتی و سرمایہ کاری مواقع تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔
آئی سی سی آئی کے وفد کو سینٹر کی سرگرمیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا، جن میں مینگو فیسٹیول جیسے کامیاب ایونٹس کا انعقاد شامل ہے، جس نے پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا سردار طاہر محمود نے اس بات پر زور دیا کہ سینٹر میں آئی سی سی آئی کے سہولت کاری کاؤنٹر کا قیام پاکستانی کاروباروں کے لیے عالمی منڈیوں تک رسائی، سپلائی چینز کو مضبوط بنانے اور برآمدات میں اضافے کے لیے ایک اسٹریٹجک گیٹ وے ثابت ہوگا۔

