بھارتی میڈیا نے بغیر تحقیق پاکستان پر الزامات لگائے، معرکہ حق نے قومی اتحاد کو مضبوط کیا .پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس صدر افضل بٹ

اسلام آباد(سٹی رپورٹر) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ نے کہا ہے کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارتی میڈیا نے صرف 10 منٹ کے اندر بغیر کسی تحقیقات کے پاکستان پر الزامات عائد کر دیے، جو غیر ذمہ دارانہ صحافت کی واضح مثال ہے۔ انہوں نے یہ بات. معرکۂ حق / آپریشن بنیان مرصوص کا ایک سال مکمل ہونے پر نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر خالد کھوکھر (سینئر نائب صدر پی ایف یو جے)، راجہ بشیر عثمانی (جنرل سیکرٹری راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس)، عامر سجاد سید (سابق صدر آر آئی یو جے)، طارق علی ورک (سابق صدر آر آئی یو جے)، عابد عباسی (سیکرٹری فنانس نیشنل پریس کلب) اور بلال ڈار (سابق جنرل سیکرٹری آر آئی یو جے) اور دیگر صحافی راہنما بھی موجود تھے۔

پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے نہ صرف بغیر تحقیق الزامات لگائے بلکہ من گھڑت اور بے بنیاد خبریں بھی نشر کیں، جن میں لاہور بندر گاہ ایجاد کرلی لاہور کراچی بندرگاہوں پر حملوں، کراچی پر قبضے، اور جی ایچ کیو پر مبینہ حملوں جیسے دعوے شامل تھے، جو حقیقت سے کوسوں دور تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی جھوٹی رپورٹس نے نہ صرف عوام کو گمراہ کیا بلکہ خطے میں کشیدگی بڑھانے کا سبب بھی بنیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بعض بھارتی چینلز نے رافیل طیارہ گرائے جانے کی خبروں کو بھی ابتدا میں مسترد کیا، تاہم بعد ازاں عالمی سطح پر حقائق سامنے آنے پر ان دعوؤں کو تسلیم کیا گیا۔ اسی طرح مختلف شہروں میں تباہی اور فوجی کارروائیوں سے متعلق جھوٹی خبریں بھی چلائی گئیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

افضل بٹ کا کہنا تھا کہ اس کے برعکس پاکستانی میڈیا نے ذمہ دارانہ صحافت کا مظاہرہ کیا اور صرف وہی خبریں نشر کیں جن کے شواہد اور فوٹیج موجود تھیں، جیسے کشمیر کی سیز فائر لائن پر بھارتی فوج کی طرف سے اپنی چوکیوں پر سفید جھنڈے لہرانے کی تصدیق شدہ اطلاعات انہوں نے زور دیا کہ موجودہ حالات میں صحافت کا بنیادی تقاضا سچائی، تحقیق اور ذمہ داری ہے، اور پاکستانی میڈیا نے قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے پیشہ ورانہ اصولوں کی پاسداری کی۔افضل بٹ نے کہا کہ ہم معرکہ حق میں میڈیا کے محاذ پر گرانقدر خدمات سرانجام دینے والے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور پاک فوج اور پوری پاکستانی قوم کو سلام پیش کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے موقع پر سیاسی جماعتوں نے سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہوکر اور سندھی بلوچی پنجابی پختون کشمیری گلگتی کی تقسیم سے نکل کر ایک پاکستانی قوم ہونے کا عملی ثبوت دیا معرکہ حق میں ہر پاکستانی نے اپنے حصے کا کردار ادا کیا افضل بٹ نے مطالبہ کیا کہ ہر سال دس مئی کو معرکہ حق کا دن باقی قومی ایام کی طرح منایا جائے اس معرکہ نے پاکستان کا عالمی سطح پر عزت و وقار بلند کیا ہے.