اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے یونائیٹڈ ایتھانول انڈسٹریز لمیٹڈ کی جانب سے پاکستان کارپوریٹ ری اسٹرکچرنگ کمپنی لمیٹڈ میں حصص کے حصول کی منظوری دے دی ہے۔ یہ منظوری کمپٹیشن ایکٹ 2010 کے تحت فیز ون جائزے کے بعد دی گئی سی سی پی کے مطابق پاکستان کارپوریٹ ری اسٹرکچرنگ کمپنی مالی مشکلات کا شکار کاروباری اداروں کی تنظیمِ نو، بحالی اور غیر فعال قرضہ جات کے حل سے متعلق خدمات فراہم کرتی ہے، جبکہ یونائیٹڈ ایتھانول انڈسٹریز ایتھانول اور متعلقہ صنعتی مصنوعات کی تیاری کے شعبے میں کام کر رہی ہے۔
حصص کے اس حصول میں آٹھ کمرشل بینکوں کے حصص شامل ہیں جن میں یونائیٹڈ بینک، ایم سی بی بینک، الائیڈ بینک، میزان بینک، حبیب میٹروپولیٹن بینک، حبیب بینک، بینک الحبیب اور بینک الفلاح شامل ہیں کمیشن نے اپنے جائزے میں قرار دیا کہ دونوں کمپنیاں مختلف کاروباری شعبوں میں سرگرم ہیں اور ان کے درمیان براہ راست کمپٹیشن موجود نہیں۔ اس لیے اس لین دین سے مارکیٹ میں مسابقت متاثر ہونے یا کسی کمپنی کی اجارہ داری مضبوط ہونے کا امکان نہیں۔
سی سی پی نے کمپٹیشن ایکٹ کی دفعہ 31 کے تحت اس لین دین کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمیشن سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور شفاف مسابقتی ماحول کے فروغ کے لیے بروقت انضمامی جائزوں کا عمل جاری رکھے گا.

