F-14، F-15 میں اہم سڑکوں کا قبضہ حاصل، ترقیاتی کاموں میں تیزی آنے کا امکان

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA) کیپٹن (ر) ظفر اقبال کی ہدایات پر سیکٹر F-14/F-15 میں متاثرین سے زمین کا قبضہ کامیابی سے حاصل کر لیا گیا۔ یہ کارروائی ڈپٹی کمشنر / لینڈ ایکوزیشن کلیکٹر (LAC) ایف جی ایچ اے، الماس سبیح صاقب کی نگرانی میں انجام دی گئی۔ اس آپریشن کے بعد ہاؤسنگ اتھارٹی نے تمام اہم سڑکوں اور سروس روڈز کا مکمل قبضہ حاصل کر لیا ہے۔

مندرجہ ذیل اہم علاقوں کو مکمل طور پر خالی کرا لیا گیا:
ایسٹ F-14 مرکز روڈ اور اس سے ملحقہ علاقے
ویسٹ F-14 سروس روڈ اور اس سے ملحقہ علاقے
F-14 مرکز کی تمام سڑکیں اور اطراف کے علاقے

اس موقع پر ڈی سی / ایل اے سی ایف جی ایچ اے الماس سبیح صاقب نے کہا کہ ان اہم راستوں کی کلیئرنس سے ترقیاتی سرگرمیوں میں مزید تیزی آئے گی اور مستقبل کے انفراسٹرکچر اور تعمیراتی کاموں کی بروقت تکمیل میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ تمام اقدامات ڈائریکٹر جنرل ایف جی ایچ اے کیپٹن (ر) ظفر اقبال کی خصوصی ہدایات اور مسلسل نگرانی میں کیے جا رہے ہیں۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز ڈائریکٹر جنرل ایف جی ایچ اے کی ہدایات پر متاثرین میں عارضی آفر لیٹرز بھی تقسیم کیے گئے تاکہ انہیں ان کے جائز حقوق فراہم کیے جا سکیں۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے متاثرین سے ملاقات کی اور یقین دہانی کرائی کہ ہاؤسنگ اتھارٹی ان کے مسائل کے بروقت حل، شفافیت کے فروغ اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

حکام کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف جی ایچ اے کیپٹن (ر) ظفر اقبال کی ذاتی دلچسپی، مؤثر حکمت عملی اور مسلسل نگرانی کے باعث سیکٹر F-14 اور F-15 میں ترقیاتی کاموں میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے جبکہ متاثرین کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے بھی عملی اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔

عوام کی جانب سے بھی ایف جی ایچ اے کی جاری ترقیاتی سرگرمیوں، مؤثر انتظامی اقدامات اور متاثرین کے مسائل کے حل کے لیے مسلسل کوششوں کو سراہا جا رہا ہے۔ متاثرین نے ڈائریکٹر جنرل کیپٹن (ر) ظفر اقبال کی قیادت، مخلصانہ کاوشوں اور ذاتی دلچسپی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ جلد مکمل ہو کر جدید سہولیات سے آراستہ ایک مثالی رہائشی اسکیم بن جائے گا۔