راولپنڈی(سٹی رپورٹر)رکن پنجاب اسمبلی اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی انسپکشن ٹیم کے چیئرمین راجہ محمد حنیف نے راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فیض آباد انٹرچینج پر سلپ روڈ کی تعمیر و بحالی اور معلوماتی بورڈز کی تنصیب کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔
آر ڈی اے اور واسا ہیڈ آفس پہنچنے پر چیف انجینئر انور باراں نے ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں آر ڈی اے کے کانفرنس روم میں ایک تفصیلی اجلاس منعقد ہوا جس میں منیجنگ ڈائریکٹر واسا عزیز اللہ خان، ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ کومل چوہدری، محمد کامران، جواد ارشد، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز زین شہزاد، عبدالمنان، مریم اور سب انجینئر نعیم ہاشم نے شرکت کی چیف انجینئر انور باراں نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ منصوبہ 6 مارچ 2026 کو 15.49 ملین روپے کی لاگت سے شروع کیا گیا تھا اور آر ڈی اے اسے آئندہ دو ہفتوں میں مکمل کرکے عوام کے لیے کھول دے گا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر جواد ارشد نے کہا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں ایم پی اے راجہ محمد حنیف نے آر ڈی اے کی تیز رفتار اور مؤثر کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاحی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے فیض آباد انٹرچینج پر جاری کام کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
اجلاس کے دوران راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس پر ڈپٹی ڈائریکٹر کومل چوہدری نے تفصیلی بریفنگ دی چیف انجینئر نے سال 2026-27 کے اے ڈی پی منصوبوں پر بھی گفتگو کی، جس پر ایم پی اے نے متعلقہ حکام کے ساتھ تعاون اور سفارشات کی یقین دہانی کرائی اجلاس مثبت انداز میں اختتام پذیر ہوا جہاں تمام شرکاء نے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا۔

