پاکستان میں محرم الحرام کا چاند نظر نہ آیا، یکم محرم 17 جون اور یومِ عاشور 26 جون کو ہوگا

لاہور (بیورو رپورٹ) پاکستان میں محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا، یکم محرم الحرام 17جون بروز بدھ کو اور یوم عاشور 26 جون بروز جمعہ کو ہو گا، محرم الحرام 1448 ہجری کے چاند کی رویت کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج لاہور میں ہوا جس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا محمد عبدالخبیر آزاد نے کی۔

اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی ، زونل کمیٹی کے ممبران سمیت وزارت مذہبی امور، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، سپارکو کے ممبران بھی شریک ہوئے، زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقامات پر منعقد ہوئے۔

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا کہ محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا لہذا یکم محرم الحرام 17جون بروز بدھ کو ہو گی جب کہ یوم عاشور 26 جون بروز جمعہ ہو گا، انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں میں زونل رویت ہلال کمیٹی کےاجلاس منعقدہوئے تاہم ملک کے کسی بھی علاقے سے شہادتیں موصول نہیں ہوئیں۔