مظفرآباد (بیورو رپورٹ) آ زاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2026 کے لیے نامزدگی فارم جمع کروانے کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ الیکشن کمیشن میں گوشوارے جمع کروانے کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے، ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق مہاجرین جموں و کشمیر مقیم پاکستان کے حلقوں سے اب تک 146 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق میرپور ڈویژن سے 264، پونچھ ڈویژن سے 152 جبکہ مظفرآباد ڈویژن سے 193 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں، الیکشن کمیشن کے مطابق 45 انتخابی حلقوں سے مجموعی طور پر 755 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں، ترجمان نے بتایا کہ کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ 23 جون مقرر ہے۔
دوسری جانب سیاسی جماعتوں میں ٹکٹوں کی تقسیم کا عمل مکمل نہ ہو سکا، پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم کانفرنس اور جمعیت اہلحدیث سمیت دیگر جماعتوں نے تاحال اپنے امیدواروں کے ٹکٹ جاری نہیں کیے، مسلم لیگ (ن) نے 37 حلقوں سے ٹکٹ جاری کر دیے ہیں، جبکہ 8 حلقوں میں امیدواروں کا حتمی فیصلہ تاحال نہیں ہو سکا۔

