آزاد کشمیر انتخابات، پونچھ ڈویژن میں سیاسی سرگرمیاں تیز، امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی حاصل کر لیے

پونچھ (بیورو رپور ٹ) آ زاد کشمیر میں آئندہ انتخابات کے پیش نظر پونچھ ڈویژن میں سیاسی سرگرمیوں میں نمایاں تیزی آ گئی ہے، جہاں مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں نے انتخابی مہم اور کاغذاتِ نامزدگی حاصل کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔

پونچھ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے سابق وزرائے اعظم بھی انتخابی میدان میں سرگرم ہو گئے ہیں۔ سابق وزیراعظم سردار یعقوب خان نے حلقہ ایل اے-4 پونچھ سے کاغذاتِ نامزدگی حاصل کر لیے ہیں اور وہ اپنے کاغذات راولپنڈی میں جمع کرائیں گے۔

اسی طرح بلال شکیل ایڈووکیٹ نے حلقہ ایل اے-4 راولاکوٹ کے لیے کاغذاتِ نامزدگی حاصل کر لیے ہیں، جبکہ سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے حلقہ ایل اے-5 تھوراڑ پونچھ سے انتخابی کاغذات حاصل کر لیے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق پونچھ ڈویژن کے امیدوار اپنے کاغذاتِ نامزدگی راولپنڈی میں جمع کرائیں گے۔ مجموعی طور پر پونچھ ڈویژن کے پانچ حلقوں کے امیدوار راولپنڈی میں کاغذات جمع کرانے کے عمل میں شریک ہوں گے، ادھر سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں نے انتخابی رابطوں اور عوامی مہم کو مزید تیز کر دیا ہے، جس کے باعث خطے میں انتخابی گہما گہمی بڑھ گئی ہے۔