سی سی پی نے بی اے ایس ایف پاکستان کے 100 فیصد حصص کے حصول کی منظوری دے دی

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے متحدہ عرب امارات کی کمپنی کیمیون کیمیکل سلوشنز ٹریڈنگ ایف زیڈ سی او کی جانب سے بی اے ایس ایف پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے سو فیصد حصص کے حصول کی منظوری دے دی ہے، یہ منظوری کمپٹیشن ایکٹ 2010 کے تحت فیز ون جائزے کے بعد دی گئی۔

کیمیون نے کمپٹیشن ایکٹ کی دفعہ 11 کے تحت قبل از انضمام درخواست جمع کرائی تھی، جس میں جرمنی کی کمپنی بی اے ایس ایف ایس ای سے بی اے ایس ایف پاکستان کے تمام حصص حاصل کرنے کی اجازت طلب کی گئی تھی، مسابقتی جائزے کے بعد کمیشن نے اس لین دین کی منظوری دے دی، بی اے ایس ایف پاکستان صنعتی اور خصوصی کیمیکلز کی تجارت اور مارکیٹنگ کے شعبے میں سرگرم ہے، جبکہ کیمیون متحدہ عرب امارات میں قائم کیمیکل ٹریڈنگ کمپنی ہے۔

کمیشن نے اپنے جائزے میں قرار دیا کہ حصول کنندہ کمپنی اس وقت پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں میں مصروف نہیں، اس لیے اس لین دین سے مارکیٹ میں ارتکاز یا مسابقتی صورتحال پر کوئی نمایاں اثر مرتب نہیں ہوگا۔ کمیشن کے مطابق یہ حصول نہ تو غالب حیثیت پیدا کرے گا اور نہ ہی مسابقت میں خاطر خواہ کمی کا باعث بنے گا۔

سی سی پی نے کمپٹیشن ایکٹ 2010 کی دفعہ 31 کے تحت اس لین دین کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمیشن سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ منصفانہ مسابقت اور صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔