اسلام آباد ایئرپورٹ پر جعلی امیگریشن اسٹیمپ کے شبے میں عمرہ زائر آف لوڈ، ایف آئی اے کی کارروائی

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے ایک اہم کارروائی کے دوران عمرہ کی غرض سے بیرونِ ملک جانے والے ایک مسافر کو جعلی دستاویزات کے شبے میں آف لوڈ کر دیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق معمول کی امیگریشن کلیئرنس کے دوران مسافر کو مزید جانچ پڑتال کے لیے سیکنڈری پروفائلنگ پر بھیجا گیا۔ اس دوران اس کے پاسپورٹ کا تفصیلی معائنہ کیا گیا تو اس پر ہسپانوی امیگریشن کا ایک مشکوک اور جعلی اسٹیمپ موجود پایا گیا، مزید تصدیق کے لیے امیگریشن ریکارڈ چیک کیے گئے، جن سے واضح ہوا کہ مذکورہ مسافر کے یورپ سفر کا کوئی سابقہ ریکارڈ موجود نہیں ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے بعد مسافر کو ایئرپورٹ پر ہی آف لوڈ کر کے حراست میں لے لیا گیا اور بعد ازاں مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (AHTC) اسلام آباد کے حوالے کر دیا گیا۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ جعلی سفری دستاویزات کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی سفری سرگرمیوں کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔