اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق 2 جولائی کے بعد ملک بھر میں 2 لاکھ 94 ہزار 818 نئے ووٹرز کا اندراج ہوا ہے، جس کے بعد رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 13 کروڑ 68 لاکھ 69 ہزار 217 تک پہنچ گئی ، الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب بدستور سب سے زیادہ رجسٹرڈ ووٹرز رکھنے والا صوبہ ہے، جہاں ووٹرز کی تعداد 7 کروڑ 75 لاکھ 71 ہزار 216 ہوگئی ہے ، 2 جولائی کے بعد صوبے میں 94 ہزار 582 نئے ووٹرز کا اضافہ ہوا۔
خیبرپختونخوا میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 34 لاکھ 92 ہزار 258 ہے، جبکہ اس عرصے کے دوران 85 ہزار 309 نئے ووٹرز کا اندراج کیا گیا۔ سندھ میں ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 87 لاکھ 41 ہزار 92 تک پہنچ گئی، جہاں 65 ہزار 345 نئے ووٹرز کا اضافہ ہوا۔
بلوچستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 58 لاکھ 154 ہوگئی ہے اور صوبے میں 2 جولائی کے بعد 37 ہزار 372 نئے ووٹرز کا اندراج ہوا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ووٹرز کی تعداد 12 لاکھ 64 ہزار 497 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ اس دوران 12 ہزار 210 نئے ووٹرز رجسٹر ہوئے۔
لاہور سب سے زیادہ ووٹرز والا ضلع :
الیکشن کمیشن کے مطابق بڑے اضلاع میں بھی رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں نمایاں فرق موجود ہے۔ لاہور سب سے زیادہ رجسٹرڈ ووٹرز رکھنے والا ضلع ہے، جہاں 74 لاکھ 12 ہزار 267 ووٹرز موجود ہیں ، اعداد و شمار کے مطابق فیصل آباد میں 55 لاکھ 83 ہزار 461، راولپنڈی میں 34 لاکھ 95 ہزار ایک، ملتان میں 32 لاکھ 77 ہزار 884 اور گوجرانوالہ میں 29 لاکھ 62 ہزار 772 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ سیالکوٹ میں ووٹرز کی تعداد 29 لاکھ 60 ہزار 283 ہے۔
کراچی کے اضلاع میں بھی لاکھوں ووٹرز رجسٹرڈ :
کراچی سینٹرل میں 22 لاکھ 77 ہزار 495، کراچی ایسٹ میں 18 لاکھ 6 ہزار 179، کراچی کورنگی میں 16 لاکھ 30 ہزار 590، کراچی ساؤتھ میں 13 لاکھ 13 ہزار 906 جبکہ کراچی ویسٹ میں 10 لاکھ 25 ہزار 410 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں ، حیدرآباد میں 12 لاکھ 87 ہزار 640، خیرپور میں 14 لاکھ 50 ہزار 378، نوشہرو فیروز میں 9 لاکھ 97 ہزار 162 اور بدین میں 9 لاکھ 96 ہزار 858 ووٹرز کا اندراج ہے۔
خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے نمایاں اضلاع :
خیبرپختونخوا میں پشاور 22 لاکھ 45 ہزار 452 ووٹرز کے ساتھ سب سے آگے ہے۔ مردان میں 16 لاکھ 43 ہزار 274، مانسہرہ میں 11 لاکھ 82 ہزار 277، چارسدہ میں 11 لاکھ 38 ہزار 99 اور سوات میں 9 لاکھ 12 ہزار 653 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔
بلوچستان میں کوئٹہ 9 لاکھ 48 ہزار 657 ووٹرز کے ساتھ سب سے زیادہ رجسٹرڈ ووٹرز والا ضلع ہے۔ پشین میں 3 لاکھ 47 ہزار 91، خضدار میں 3 لاکھ 20 ہزار 871، کیچ میں 2 لاکھ 87 ہزار 518، نصیرآباد میں 2 لاکھ 57 ہزار 501 اور چمن میں 2 لاکھ 7 ہزار 882 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں ، اعداد و شمار کے مطابق حب میں ایک لاکھ 52 ہزار 866، ڈیرہ بگٹی میں ایک لاکھ 52 ہزار 555، جعفرآباد میں ایک لاکھ 50 ہزار 352 اور گوادر میں ایک لاکھ 49 ہزار 337 ووٹرز موجود ہیں۔
خواتین ووٹرز کی تعداد 6 کروڑ 39 لاکھ سے زائد :
الیکشن کمیشن کے مطابق ملک میں خواتین ووٹرز کی تعداد بھی بڑھ کر 6 کروڑ 39 لاکھ 27 ہزار 116 ہوگئی ہے ، مرد اور خواتین ووٹرز کی تعداد میں فرق 90 لاکھ 14 ہزار 985 ہے، خواتین ووٹرز کی تعداد کے لحاظ سے بھی لاہور سرفہرست ہے، جہاں 35 لاکھ 49 ہزار 226 خواتین بطور ووٹر رجسٹرڈ ہیں۔

