کمزور امتحانی نتائج والے اساتذہ کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ، نیا آرڈیننس لانے پر اتفاق

لاہور (بیورو رپورٹ) پنجاب حکومت نے کمزور امتحانی نتائج دینے والے اساتذہ کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے قانونی اقدامات کا فیصلہ کرلیا، جبکہ خراب نتائج والے ٹیچرز کے خلاف کارروائی کے لیے نیا آرڈیننس لانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس ہوا، جس میں صوبے کے اسکول ایجوکیشن نظام اور تعلیمی نتائج سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے نویں جماعت کے امتحانی نتائج پر تحفظات کا اظہار کیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ طلبہ کے امتحانی نتائج کو اساتذہ کی کارکردگی کے ساتھ منسلک کیا جائے گا اور کمزور نتائج دینے والے اساتذہ کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے نیا آرڈیننس متعارف کرایا جائے گا ، اس موقع پر ہر جماعت میں ماہانہ اور سالانہ امتحانات کے انعقاد کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو آئندہ ہفتے مکمل ٹائم لائن اور اصلاحاتی منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت کی ، نویں جماعت میں 20 فیصد سے کم نتائج دینے والے اسکولوں کے خلاف فوری اقدامات کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔

مریم نواز شریف نے بہترین تعلیمی نتائج حاصل کرنے والے اسکولوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انعامات دینے کی ہدایت کی، جبکہ ہر ضلع میں نتائج کے اعتبار سے نمایاں کارکردگی دکھانے والے اسکولوں کو بھی انعامات دینے کا فیصلہ کیا گیا ، اجلاس میں سرکاری اسکولوں کے کمزور طلبہ کے لیے شام کے اوقات میں کوچنگ شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ پڑھائی میں کمزور بچوں کو اسکول سے نکالنے کے رجحان کی حوصلہ شکنی کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔

وزیراعلیٰ نے ہیڈ ٹیچرز کی خالی آسامیوں کو 45 روز کے اندر پُر کرنے کا حکم دیتے ہوئے سرکاری اسکولوں میں سبجیکٹ اسپیشلسٹس کی تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیر تعلیم کو صوبے بھر میں تعلیمی معیار کی جانچ اور مانیٹرنگ کا مؤثر نظام وضع کرنے کا بھی کہا گیا ، اجلاس میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول بھون، جھنگ کے بہترین نتائج پر وزیراعلیٰ نے اطمینان کا اظہار کیا۔ مظفرگڑھ اور لیہ کے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکولز نتائج کے لحاظ سے بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔

وزیراعلیٰ نے اسکولوں کی ضلع وار ماہانہ ریٹنگ کا ڈیٹا بھی طلب کرلیا، جبکہ تعلیمی اداروں کی نگرانی کے لیے ’’یونیفائیڈ مانیٹرنگ ایپ‘‘ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ، اجلاس میں لاہور سے ’’لائبریری آن ویل‘‘ کے پائلٹ منصوبے کے آغاز کی منظوری بھی دی گئی ، سولرائزڈ چارجنگ کی سہولت سے لیس تھری ویلر میں 20 ہزار سے زائد ڈیجیٹل کتابیں دستیاب ہوں گی، جبکہ طلبہ کے لیے ویڈیو لرننگ لیکچرز کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

مریم نواز شریف نے آؤٹ سورس کیے گئے سرکاری اسکولوں کی کارکردگی رپورٹ بھی طلب کرلی ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں صرف پوائنٹ اسکورنگ سے تعلیمی معیار بہتر نہیں ہوگا بلکہ حقیقی بہتری لانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی محنت اور کارکردگی طلبہ کے امتحانی نتائج میں واضح طور پر نظر آنی چاہیے۔