PIA Capitalnewspoint.com

جدہ ایئرپورٹ پر پی آئی اے طیارے میں انجن میں آگ کا شبہ، مسافروں کا ہنگامی انخلا

جدہ (ویب ڈیسک) پی آئی اے کی کراچی سے جدہ پہنچنے والی پرواز کے طیارے میں دوران پارکنگ انجن نمبر دو میں آگ کی اطلاع ملنے پر مسافروں نے ہنگامی اخراج کیا تاہم پی آئی اے ترجمان نے آگ لگنے کی تردید کر دی ، ذرائع کے مطابق ایئر بیس طیارہ کو جدہ ایئرپورٹ کے پارکنگ سٹینڈ پر پارکنگ کے دوران مذکورہ واقعہ پیش آیا جہاں انجن میں آگ کی اطلاع پر پائلٹ نے ہنگامی انخلا کا عمل شروع کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافروں کو ہنگامی اخراج کے راستوں سے سلائیڈز کھول کر بحفاظت باہر نکال لیا گیا تاہم اس دوران چند مسافروں کو معمولی چوٹیں آئیں، مسافروں کو طبی معائنے اور علاج کیلئے جدہ ایئرپورٹ کے کلینک منتقل کیا گیا ، جدہ ایئرپورٹ کے فائر شعبے کے حکام بھی فوری فائربریگیڈ کے ہمراہ طیارے کے پاس پہنچے جہاں پی آئی اے جدہ حکام نے ایئرپورٹ کے تمام حکام اور سکیورٹی ڈپارٹمنٹ کو فوری طور پر مطلع کیا جبکہ جدہ ایئرپورٹ حکام نے پی آئی اے کے عملے سے معاملے کے متعلق پوچھ بھی کی۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ طیارے کی جدہ ایئرپورٹ پر نارمل لینڈنگ ہوئی، طیارہ جیٹی پر لگا تھا اس دوران گراؤنڈ سٹاف نے طیارے کے ایک انجن میں آگ کا شبہ ظاہر کیا، پائلٹ نے ایس او پی کے تحت مسافروں کو باہر نکالنے کیلئے طیارے کے ایمرجنسی سلائیڈز (شوٹ) کھولے۔

ترجمان نے کہا کہ کچھ مسافر جیٹی کے ذریعے طیارے سے باہر آئے اور باقی مسافروں کو ایمرجنسی سلائیڈز (شوٹ ) کے ذریعے طیارے سے باہر نکالا گیا جبکہ کارروائی کے دوران کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا اور تمام مسافر محفوظ ہیں ، پی آئی اے ترجمان کے مطابق طیارے کی تفصیلی جانچ پڑتال کے بعد آگ کا شبہ غلط ثابت ہوا، متاثرہ طیارے کی جدہ لاہور پرواز 20 سے 22 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی، جدہ لاہور پرواز کے 40 مسافروں کو ہوٹل بھیج دیا گیا جبکہ باقی مسافر گھر چلے گئے۔