پشاور (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی اور اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ ناصر عباس سے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں جاری سیاسی سرگرمیوں، اسٹریٹ موومنٹ اور صوبائی حکومت کے اقدامات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے پنجاب میں ہونے والی سیاسی سرگرمیوں اور وہاں پیش آنے والی صورتحال کے حوالے سے دونوں رہنماؤں کو تفصیلی بریفنگ دی۔ محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس نے سہیل آفریدی کی جانب سے جاری سیاسی سرگرمی کو پُرامن رکھنے کے مؤقف کو سراہا ، ملاقات میں شریک رہنماؤں نے پنجاب حکومت کی جانب سے سیاسی کارکنوں اور جمہوری آوازوں کے خلاف مبینہ اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات کو ختم کرنے کے لیے ریاستی طاقت کا استعمال آئینی آزادیوں اور جمہوری اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتا ، اجلاس میں 27 ستمبر کو ہونے والے مارچ اور آئندہ کی سیاسی و جمہوری حکمت عملی پر بھی تفصیلی مشاورت کی گئی ، رہنماؤں نے کہا کہ 27 ستمبر کا مارچ ان کے مطابق پُرامن، آئینی اور جمہوری نوعیت کا ہوگا۔
شرکا نے کہا کہ عوام اپنے آئینی اور جمہوری حقوق کے لیے 27 ستمبر کو سڑکوں پر نکلیں گے، جبکہ صوبوں کے آئینی حقوق پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ آئین کی بالادستی، جمہوری نظام کے تحفظ اور عوامی مینڈیٹ کے احترام کے لیے مختلف جمہوری قوتوں کے درمیان باہمی تعاون ضروری ہے ، رہنماؤں کے مطابق آئینی اور جمہوری اصولوں کے دفاع کے لیے سیاسی سطح پر مؤثر کردار ادا کرنا ناگزیر ہے۔

