Ishaq Dar Meets UN Secretary-General António Guterres, Discusses Palestine, Kashmir and Afghanistan Capitalnewspoint.com

اسحاق ڈار کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات، فلسطین، کشمیر اور افغانستان پر اہم گفتگو

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے وزارت خارجہ اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں علاقائی و عالمی امن، سلامتی اور مختلف بین الاقوامی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں فلسطین، جموں و کشمیر، افغانستان، انسداد دہشتگردی اور کثیرالجہتی نظام کے مستقبل سمیت اہم علاقائی و عالمی امور زیر بحث آئے۔

فلسطین اور جموں و کشمیر کا معاملہ زیر بحث :

ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے جموں و کشمیر سے متعلق پاکستان کے مؤقف سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو آگاہ کیا اور تنازع کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے مطالبے کا اعادہ کیا ، اسحاق ڈار نے سندھ طاس معاہدے سے متعلق پاکستان کے مؤقف پر بھی بات کی اور خطے میں دیرپا امن کے لیے تنازعات کے حل کی اہمیت پر زور دیا۔

فلسطین کی صورتحال بھی ملاقات کے اہم موضوعات میں شامل رہی۔ پاکستان اقوام متحدہ سمیت مختلف عالمی فورمز پر فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور مسئلے کے پائیدار حل کے لیے اپنے مؤقف کا اظہار کرتا رہا ہے۔

پاکستان کی سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا :

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے انتونیو گوتریس کو علاقائی کشیدگی کم کرنے اور تنازعات کے حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔

اسحاق ڈار نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے لیے اسلام آباد کی جانب سے کی جانے والی سہولت کاری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تنازعات کے حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کو اہم ذرائع سمجھتا ہے۔ حالیہ دورے کے دوران پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان بات چیت میں سہولت کاری بھی ملاقات کے اہم پس منظر میں شامل ہے۔

افغانستان اور انسداد دہشتگردی پر بھی گفتگو :

ملاقات میں افغانستان کی صورتحال اور انسداد دہشتگردی کے معاملات بھی زیر غور آئے۔ پاکستان کی جانب سے مسلسل اس مؤقف کا اظہار کیا جاتا رہا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے افغانستان میں پائیدار امن ضروری ہے ، اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو خطے کی مجموعی صورتحال اور پاکستان کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

انتونیو گوتریس کی پاکستان کی سفارتی کوششوں کی تعریف :

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کی دیرینہ خدمات اور عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا ، انہوں نے مکالمے، ثالثی اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی بھی تعریف کی۔

پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون اور کثیرالجہتی نظام سے متعلق معاملات بھی ملاقات کے دوران زیر بحث رہے، جبکہ فریقین نے عالمی و علاقائی مسائل کے حل کے لیے سفارتی ذرائع اور بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔