Pak-China Friendship Games 2026 Rawalpindi Wins 5 Gold, 6 Silver and 10 Bronze Medals Capitalnewspoint.com

پاک چائنا فرینڈشپ گیمز 2026: راولپنڈی ڈویژن نے 5 گولڈ، 6 سلور اور 10 برونز میڈلز جیت لیے

راولپنڈی (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) پاک چائنا فرینڈشپ گیمز 2026 میں راولپنڈی ڈویژن کے کھلاڑیوں نے مختلف کھیلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 5 گولڈ، 6 سلور اور 10 برونز میڈلز اپنے نام کرلیے ، کمشنر راولپنڈی سلمان غنی نے کھلاڑیوں کی کامیابی کو ان کی محنت، جذبے، عزم اور کھیل کے میدان میں بہترین کارکردگی کا نتیجہ قرار دیا۔

راولپنڈی کے کھلاڑیوں کی گولڈ میڈلز میں نمایاں کارکردگی :

پاک چائنا فرینڈشپ گیمز 2026 میں راولپنڈی ڈویژن کی بیڈمنٹن میل ٹیم نے گولڈ میڈل حاصل کیا ، ایتھلیٹکس میں آمنہ عقیل اور بشریٰ ارشد نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈلز جیتے، جبکہ ووشو میل مقابلوں میں محمد ارشد اور مسیب شفیع نے پہلی پوزیشن حاصل کرکے گولڈ میڈلز اپنے نام کیے۔

6 سلور میڈلز بھی راولپنڈی کے نام :

راولپنڈی ڈویژن کی والی بال فیمیل ٹیم نے سلور میڈل حاصل کیا۔ ایتھلیٹکس فیمیل مقابلوں میں فاطمہ عقیل اور مہوش کریم نے سلور میڈلز جیتے ، ووشو میل میں محمد فہیم اور محمد حسین جبکہ ایتھلیٹکس میل میں اللہ دتہ نے بھی سلور میڈلز اپنے نام کیے۔

برونز میڈلز میں بھی راولپنڈی کی نمایاں پوزیشن :

ایتھلیٹکس فیمیل میں پکیزہ امجد اور آمنہ خان نے برونز میڈلز حاصل کیے ، ووشو فیمیل مقابلوں میں ردا فاطمہ، اذکا نور، مومنہ ارشاد اور عروہ ماہین نے برونز میڈلز جیتے، جبکہ ووشو میل میں ارحم عباسی اور شعیب ملک نے بھی تیسری پوزیشن حاصل کی ، جمناسٹک میل مقابلے میں عبادت انور نے برونز میڈل اپنے نام کیا۔

صحت مند پنجاب کے لیے کھیلوں کا فروغ :

کمشنر راولپنڈی سلمان غنی نے کہا کہ کھلاڑیوں کی کامیابیاں ان کی محنت، عزم اور صلاحیتوں کا عملی ثبوت ہیں ، انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے صحت مند پنجاب کے وژن اور نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کھیلوں کی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ، کمشنر راولپنڈی نے امید ظاہر کی کہ نوجوان کھلاڑی آئندہ بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے راولپنڈی ڈویژن اور پنجاب کا نام روشن کریں گے۔