لندن (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) پاکستان ہائی کمیشن لندن نے یومِ سیاہ جموں و کشمیر کے موقع پر ایک پُروقار تقریب کا اہتمام کیا، جس میں برطانوی اراکینِ پارلیمنٹ، کشمیری کمیونٹی، سول سوسائٹی کے کارکنوں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے مبینہ جبر، خوف و دہشت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی۔
ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام طویل عرصے سے سخت فوجی محاصرے کا سامنا کر رہے ہیں، جہاں تشدد، جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت قتل کے واقعات پیش آتے رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ بھارت کے اقدامات بین الاقوامی قوانین اور بنیادی اخلاقی اصولوں کی خلاف ورزی ہیں اور علاقائی و عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حوالے سے بھارت کو جواب دہ ٹھہرائے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو برطانوی پارلیمنٹ اور حکومت کے سامنے اجاگر کرنے پر برطانوی اراکینِ پارلیمنٹ کے کردار کو بھی سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہائی کمیشن کشمیری کمیونٹی اور برطانوی اراکینِ پارلیمنٹ کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتا رہے گا۔
تقریب میں شریک برطانوی اراکینِ پارلیمنٹ لارڈ قربان حسین، لارڈ شفاق محمد، بیرونس نوشینہ مبارک، عدنان حسین، افضل خان اور ایوب خان سمیت دیگر مقررین نے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
برطانوی اراکینِ پارلیمنٹ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان محض دوطرفہ معاملہ نہیں بلکہ ایک دیرینہ بین الاقوامی تنازع ہے ، انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرنے اور آزادانہ و منصفانہ رائے شماری سے متعلق اپنے بین الاقوامی وعدوں کی پاسداری کا مطالبہ کرے۔

