Faisal Kundi Says PTI Long March Will Not Be Allowed Beyond Attock capitalnewspoint.com

پولیس شہدا کے خاندانوں کے لیے خصوصی کارڈ متعارف کرانے کا فیصلہ. فیصل کریم کنڈی

پشاور (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے جب کہ پولیس کے شہدا کے خاندان کے لیے خصوصی کارڈ متعارف کریں، فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت پولیس افسران کا اہم اجلاس پشاور میں منعقد ہوا، جس میں آئی جی پولیس ذوالفقار حمید، ایڈیشنل آئی جی کاشف عالم، چیف کیپیٹل پولیس آفیسر ڈاکٹر میاں سعید اور ریجنل پولیس افسران نے شرکت کی.

جبکہ ضلعی پولیس افسران ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ اوپن ڈور پالیسی اپنائیں، عوامی مسائل سنیں اور شہریوں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں، پولیس افسران اپنے اضلاع میں مقامی عمائدین کو اعتماد میں لے کر امن و امان کے قیام کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔

گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ پولیس شہداء کے خاندانوں کی دیکھ بھال حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہے، شہداء پیکج میں اضافے کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ شہداء کے بچوں کے لیے کیڈٹ کالج کے قیام کی کوششیں بھی جاری ہیں ، فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ شہداء کے خاندانوں کے لیے خصوصی کارڈ متعارف کرائے جائیں گے تاکہ سرکاری دفاتر میں ان کے مسائل عزت و احترام کے ساتھ ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا سکیں.

انہوں نے پولیس افسران کو شہداء کے خاندانوں سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت بھی کی ، اُنہوں نے کہا کہ پولیس کو اے پی سیز، جدید اسلحہ اور دیگر ضروری وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں، وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا پولیس کو 10 اے پی سیز فراہم کی ہیں، جبکہ پولیس میں خالی آسامیوں پر فوری بھرتیاں کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ پولیس کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ترقیاتی فنڈز میں کٹوتی بھی کی جائے گی اور پروکیورمنٹ پر عائد پابندیوں میں نرمی کی گئی ہے، فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبے میں سیف سٹیز منصوبوں پر کام جاری ہے اور انہیں ضم اضلاع تک بھی وسعت دی جائے گی، ضم اضلاع میں پولیس تھانوں، چوکیوں اور دیگر انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ پولیس لائنز، تھانوں اور چیک پوسٹوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی ، گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے مطالبات حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، وزیراعظم کی جانب سے صوبے کے لیے اعلان کردہ پیکج کا 70 فیصد حصہ ضم اضلاع میں خرچ کیا جائے گا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں غلطی اور شکست کی کوئی گنجائش نہیں، پولیس افسران امن و امان کی بہتری کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائیں اور تنازعات کے حل کے لیے قائم ڈی آر سیز کی کارکردگی بہتر بنانے کی خاطر اچھے لوگوں کو شامل کریں، انہوں نے واضح کیا کہ ان کا کوئی فوکل پرسن نہیں ہے۔

اجلاس میں پولیس افسران نے اپنے مسائل اور مختلف تجاویز پیش کیں، گورنر فیصل کریم کنڈی نے تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ پولیس کو درکار سہولیات فراہم کرنے اور مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔