Rana Sanaullah Says about GovernerRaj in KPK Capitalnewspoint.com

پی ٹی آئی سے مذاکرات نہیں ہو رہے، پس پردہ رابطے جاری ہیں . رانا ثناء اللہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج اپنے مقاصد کے حصول تک برقرار رہے گا، جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ فی الحال باضابطہ مذاکرات نہیں ہو رہے، تاہم پس پردہ رابطوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان اس وقت مذاکرات کا کوئی باضابطہ عمل جاری نہیں، البتہ بیک ڈور رابطے ہوتے رہتے ہیں ، ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج اپنے مقاصد حاصل ہونے تک جاری رہے گا۔

دہشت گردی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ بھارت اور افغانستان کی مدد سے دہشت گردی کا ناسور ملک میں پھیل رہا ہے، جس کی روک تھام حکومت کی اہم ترجیح ہے ، انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر تمام متعلقہ فریقوں کو اعتماد میں لیا جائے گا، تاہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ موجود نہیں۔

رانا ثناء اللہ نے مولانا فضل الرحمان کے گورنر راج سے متعلق اختلافات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو اختلاف رائے کا پورا حق حاصل ہے اور حکومت ان کے ساتھ کسی قسم کی لڑائی نہیں چاہتی، ان کے مطابق یہ معاملہ محض سیاسی اختلاف رائے کا ہے، حکومت کو جے یو آئی (ف) کی رائے سے اختلاف کرنے کا حق حاصل ہے اور اسی طرح جے یو آئی بھی اپنا مؤقف پیش کرسکتی ہے۔

پنجاب میں کرپشن سے متعلق وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جب کسی کے پاس الزامات کے ثبوت موجود نہ ہوں تو اسے اس نوعیت کے الزامات عائد نہیں کرنے چاہئیں، انہوں نے کہا کہ چوہدری سالک خود بھی وضاحت کرچکے ہیں کہ ان کے پاس ان الزامات کے حوالے سے کوئی ثبوت نہیں ہیں۔